• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت تین سال میں بری طرح بے نقاب ہوچکی، احسن اقبال


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت تین سال میں بری طرح بے نقاب ہوچکی ہے، میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزارت پٹرولیم کی نااہلی کی وجہ سے صرف تین ماہ میں ملک کو 500ملین ڈالرز یعنی 83ارب روپے کے نقصان کا سامنا ہے، وزارت پٹرولیم اپنی نااہلی کی ذمہ داری اب نیب پر ڈال رہا ہے،سینئر صحافی و تجزیہ کار سمیع اللہ یوسف زئی نے کہاکہ طالبان کی جامع حکومت مکمل طور پر اپنے ہی لوگوں پر مشتمل ہوگی۔ ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ گلیاں سونی ہوجائیں وہ اکیلی گلیوں میں پھرے، الیکشن میں اپوزیشن کی بھرپور شرکت کے بغیر اس کی کوئی ساکھ نہیں ہوتی،یکطرفہ الیکشن سے منتخب ہونے والی حکومت کا انجام آمریت میں ہونے والے الیکشن جیسا ہوتا ہے،2018ء کے بعد اگلے انتخابات شفاف ہونے چاہئیں تاکہ عوام کا انتخابی عمل پر اعتماد بحال ہو، حکومت میڈیا کی زبان بندی کیلئے قانون لارہی ہے، سوشل میڈیا نے پاکستانی عوام کو بے حد شعور دیا ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ کے کیس میں پچیس کلو ہیروئن ڈال دی گئی بعد میں پورا کیس بوگس ثابت ہوا، عدالت نے ن لیگی رہنماؤں کی ضمانت کے ہر فیصلے میں یہی کہا کہ ہمارے سامنے کرپشن کا کوئی الزام ہی نہیں لگایا گیا، میرے کیس میں ایک پیسے کی مالی بدعنوانی کا ذکر نہیں ہے،عدلیہ کسی صورت بھی اگلے الیکشن میں حکومت کی حلیف نظر نہیں آنا چاہے گی، عدلیہ نہیں چاہے گی کہ کہ اس پر الیکشن چرانے کیلئے کسی سازش کا حصہ بننے کا الزام لگے۔ احسن اقبال نے کہا کہ حکومت تین سال میں بری طرح بے نقاب ہوچکی ہے، جاوید اقبال اور شہزاد اکبر مجھ پر 32روپے کا بھی مالی فائدہ لینا ثابت کر کے دکھائیں، ملتان سکھر موٹروے پر 70ارب روپے کک بیک کا الزام لگایا گیا آج تک جے آئی ٹی نہیں بنی، 2007ء جنوری میں ق لیگ والے کہتے تھے انہی اسمبلیوں سے جنرل مشرف نے صدر منتخب ہونا ہے، 2013ء میں بھی وہ دوبارہ منتخب ہوجائیں گے اور 2018ء تک بیٹھیں گے اور ہم ان کی چھتری تلے بیٹھے ہوں گے، 2007ء کے چھ مہینے میں جنرل مشرف مستعفی ہوئے اور تاریخ کا حصہ بن گئے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے 2018ء کا ری پلے کیا تو ملک میں انارکی بلکہ بغاوت ہوجائے گی، پاکستانی حکومت افغانستان کو جامع حکومت کا درس دیتا ہے لیکن خود جامع الیکشن پر بھی یقین نہیں رکھتی، مہنگائی کی وجہ سے عوام حکومت سے سخت ناراض ہیں، اگلے الیکشن میں پی ٹی آئی کے لوگ ٹکٹ واپس کررہے ہو ں گے۔ سینئر صحافی و تجزیہ کار سمیع اللہ یوسف زئی نے کہاکہ طالبان کی جامع حکومت مکمل طور پر اپنے ہی لوگوں پر مشتمل ہوگی، طالبان اپنے ساتھ شامل ازبک، تاجک اور دیگر نسلی گروہوں کو حکومت میں نمائندگی دیں گے، طالبان کی بات ایک حد تک ٹھیک ہے کہ اب انہیں افغانستا ن میں چیلنج کرنے والا کوئی نہیں ہے، پچھلی حکومت کئی سیاسی جماعتوں پر مشتمل تھی لیکن کوئی کارکردگی نہیں دکھائی، طالبان کا کہنا ہے کہ ایک ہی گروپ حکومت بنائے تو پالیسیوں پر عملدرآمد آسان ہوگا۔ میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ دو سال میں اپوزیشن کیخلاف نیب مقدمات کے فیصلے ہوجائیں گے، اپوزیشن کے متعدد رہنما اگلے الیکشن سے پہلے ممکنہ طور پر جیل میں ہوں گے اور پھر الیکشن کا نقشہ ہی بدل جائے گا ، آج مریم نواز نے بھی ایک دعویٰ کردیا کہ اب حالات بدل گئے ہیں بہت جلد لوگ ہر چیز بدلتی ہوئی دیکھیں گے،اب حالات 2017ء یا 2018ء جیسے نہیں ہیں۔ شاہزیب خانزادہ نے بتایا کہ بدھ کو اسلا م آباد ہائیکورٹ میں مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی،اسلام آباد ہائیکورٹ مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی عدالت سے غیرحاضری پر برہم نظر آئی، اس دوران مریم نواز کے کمرہ عدالت پہنچنے پر کارکنان کا شور شرابا ہوا تو عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔

تازہ ترین