• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان میں جو ہوا اس پر این ڈی ایس اور را حیران ہیں، شیخ رشید

کراچی (ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشیدنے کہا ہے کہ افغانستان میں جو ہوا اس پر این ڈی ایس اور را سمیت سب حیران ہیں ان کو سوتے ہوئے بھی آئی ایس آئی نظر آرہی ہے۔خطے کی سیاست بدل گئی ہے،ایک وقت آئے گا کہ لوگ اپوزیشن کی وجہ سے ٹی وی نہیں دیکھیں گے۔دسمبر سے ہم سے استعفے لینے چلے ہوئے ہیں ابھی تک رستے میں ہی ہیں یہ لونگ مارچ ہوسکتا ہے لانگ مارچ نہیں ہوگا۔اس ملک کی سلامتی کے معاملات ہیں پاکستان کے حوالے سے تین چار مہینے بہت حساس ہیں ان کو بھی عقل ہونی چاہئے۔ابھی شنگھائی کانفرنس میں وزیراعظم شریک ہوں گے۔ پیوٹن بھی پاکستان آسکتے ہیں چینی صدر بھی پاکستان آسکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔شیخ رشید نے کہا کہ ساری دنیا کا میڈیا حتیٰ کہ انڈین میڈیا پر بھی صف ماتم بچھی ہوئی ہے کہ کیا ہوگیا۔ افغانستان میں جو ہوا اس پر این ڈی ایس اور را سمیت سب حیران ہیں ان کو سوتے ہوئے بھی آئی ایس آئی نظر آرہی ہے۔خطے کی سیاست بدل گئی ہے ابھی جو لوگ رہ گئے ہیں ان کا بھی ہم انخلا کررہے ہیں۔ ہم نے ہزاروں لوگوں کو ان کے وطن جانے کے لئے سہولت دی ہے آپ پاکستان کا امیج تو دیکھیں ۔ریاست میں اور بین الاقوامی سطح پر عمران خان کا امیج بہتر ہوا ہے۔

تازہ ترین