لاڑکانہ ( بیورو رپورٹ) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی جانب سے میونسپل کارپوریشن کی ماہانہ مالی قسط منظور ہونے کے باوجود تنخواہوں کی عدم فراہمی کے خلاف محنت کش میونسپل لیبر یونین لاڑکانہ کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر یونین کے صدر سکندر علی سانگی نے میڈیا کو بتایا کہ میونسپل کارپوریشن لاڑکانہ کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ نے چار کروڑ پچاس لاکھ روپے کی ماہانہ قسط منظور کی تھی تاکہ بلدیہ لاڑکانہ کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی اور ترقیاتی کام کرائے جا سکیں مگر صوبائی محکمہ فنانس کی جانب سے منظور شدہ قسط اب تک جاری نہ کئے جانے کی وجہ سے بلدیہ لاڑکانہ شدید مالی بحران سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر صوبائی محکمہ خزانہ نے منظور شدہ رقم فوری طور فراہم نہ کی تو احتجاجی مہم کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔