اسلام آباد (ایجنسیاں)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے خبردار کیا ہے کہ کسی کوبحران، انتشار ، خلفشار پیدا کرنے اور ملک کے امن سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔
قومی حکومت اور قومی مفاہمت دو الگ چیزیں ہیں‘ ہم مفاہمت کیلئے تیار ہیں‘ بات چیت کیلئے حکومت کے دروازے کھلے ہیں، لیکن قومی حکومت ایک خواب ہے جسکی کوئی تعبیر نہیں‘سکیورٹی خدشات کے پیش نظر چمن بارڈر کو تھوڑے وقت کیلئے بند کر رہے ہیں۔
ایسا وقت آرہا ہے کہ اپوزیشن کو حکومت سے بات کرنا پڑے گی‘یہ لانگ مارچ کا نہیں، مل بیٹھ کر ملک کو آگے لے جانے کا وقت ہے،پاکستان میں کوئی امریکی فوجی موجود نہیں ، جو آئے تھے وہ چلے گئے ، بھارت میں صف ماتم بچھی ہے۔
را اور این ڈی ایس کے خواب چکنا چور ہو گئے ہیں ، انکی سرمایہ کاری ڈوب گئی ، انکا ستیاناس ہوگیا، قوم کو آئی ایس آئی اور اپنے اداروں پر فخر ہے‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی دارالحکومت کے تھانہ نون کی سیکٹر آئی 16 میں نئی عمارت کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔