• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی وائرس کا پھیلاؤ تیز، اسد عمر نے خطرے کی گھنٹی بجادی، ویکسی نیشن نہ کرانیوالوں کو کام سے روکنے کا فیصلہ

اسلام آباد، کراچی (اے پی پی، اسٹاف رپورٹر)بھارتی وائرس کا تیزی سے پھیلائو، اسپتالوں میں کورونا کے تشویشناک مریضوں کی تعداد بلند ترین سطح پر ،اسد عمر نے خطرے کی گھنٹی بجادی۔

این سی او سی کاکہناہےکہ تمام تعلیمی ادارے ہفتہ میں 3دن ایس او پیز کے ساتھ کھلیں گے،ملک میں مزید 89اموات ،4103 نئے کیسز، مثبت شرح 6.6 ریکارڈ،سندھ میں 811مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ایک پیغام میں وفاقی وزیر منصوبندی، ترقی ،اصلاحات وخصوصی اقدامات اور سربراہ این سی او سی اسد عمرنے کہاہے کہ اس وقت اسپتالوں میں کورونا کے تشویشناک مریضوں کی تعداد بلند ترین سطح پر ہے،کورونا کی بھارتی قسم کے پھیلاؤ سے اسپتالوں پر بوجھ بڑھ سکتا ہے، شہری کورونا سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پرعمل کریں اور ویکسین لگوائیں۔ 

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے حالیہ اجلاس میں ملک بھر میں کورونا وائرس کی وبا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق تفصیلی جائزہ لیا گیا، اس دوران کورونا وائرس کی وباکے پھیلائو کی موجودہ صورتحال، اسپتالوں میں روزانہ کی بنیاد پر داخل ہونے والے مریضوں کی تعداد، انتہائی نگہداشت وارڈ میں مریضوں کا بڑھتا دبائو اور آکسیجن کی دستیابی کا بغور جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیاگیاکہ مقررہ مدت میں ویکسی نیشن نہ کرانیوالے افراد کو اپنے اداروں میں کام سے روک دیا جائے گا۔

این سی او سی نے ملک بھر کے 27سب سے زیادہ کورونا پھیلائو کے شکار شہروں میں کورونا ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کیا ۔ 

این سی او سی نے فیصلہ کیا ہے کہ پٹرول پمپس، فارمیسز، میڈیکل سہولیات، ویکسی نیشن سینٹرز، دودھ، دہی کی دکانوں اور تندوروں کے علاوہ تمام دکانیں، بازار رات 8بجے بند کر دی جائیں گی ،ہفتہ میں 2دن مارکیٹس بند رہیں گی لیکن دنوں کا تعین صوبے خود کریں گے۔

تازہ ترین