کراچی (جنگ نیوز) انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے 20 ویں ایوارڈ شو ”لکس اسٹائل ایوارڈز“ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں جس میں پاکستان کے سب سے بڑے انٹرٹینمنٹ چینل ”جیو ٹی وی“ کے ڈراموں کی کہکشاں نامزدگیوں کی دوڑ میں شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرٹینمنٹ کے شائقین کی اولین پسند ”جیو ٹی وی“ کے 7 ڈرامہ سیریلز کی 25 نامزدگیاں ایوارڈ کی دوڑ میں شامل ہیں۔
بہترین ڈرامہ سیریل کی سب سے پہلی اور سب سے بڑی کیٹیگری کی نامزدگی میں ”جیو ٹی وی“ کی مقبول عام ڈرامہ سیریل ”دیوانگی، رازِ اُلفت اور الف“ شامل ہوئی ہیں۔ بہترین ہدایتکار کی صف میں سراج الحق ”رازِ اُلفت“ کیلئے، ذیشان احمد ”دیوانگی“ کیلئے اور حسیب حسن ”الف“ کیلئے شامل ہیں۔ بہترین رائٹر کی کیلئے ماہا ملک ”رازِ اُلفت“ کیلئے اور عمیرہ احمد ”الف“ کیلئے نامزد ہیں۔ بہتری اداکارہ (Critics) کیلئے سجل علی کو ”الف“ کیلئے چنا گیا ہے جبکہ بہترین اداکارہ ویورز چوائس میں ”مہر پوش“ کیلئے عائزہ خان، ”دیوانگی“ کیلئے حبا بخاری، ”فطرت“ کیلئے صبور علی، ”الف“ کیلئے سجل علی اور ڈرامہ سیریل ”رازِ اُلفت“ کیلئے یمنیٰ زیدی شامل ہیں۔ بہترین اداکار (Critics) میں ڈرامہ سیریل ”مقدر“ کیلئے فیصل قریشی اور ”الف“ کیلئے حمزہ علی عباسی کو نامزد کیا گیا ہے۔
بہترین اداکار (ویوروز چوائس) میں ڈرامہ سیریل ”مقدر“ کیلئے فیصل قریشی، ”دیوانگی“ کیلئے دانش تیمور، ”الف“ کیلئے حمزہ علی عباسی اور ”کہیں دیپ جلے“ میں عمران اشرف نامزدگی کا حصہ ہیں۔
بیسٹ ایمرجنگ ٹیلنٹ میں نازش جہانگیر کو ”کہیں دیپ جلے“ کیلئے جبکہ پہلاج حسن کو ”الف“ کیلئے نامزدگی کی لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ بہترین اوریجنل ساؤنڈ ٹریک کی کیٹیگری میں شانی ارشد کا کمپوز کردہ OST جسے آئمہ بیگ کے ہمراہ شانی ارشد نے گایا ڈرامہ سیریل ”رازِ اُلفت“ کیلئے۔
شجاع حیدر کی کمپوزیشن میں مومنہ مستحسن اور شجاع حیدر کی آوازوں میں ”الف“ بس۔ اور آئمہ بیگ اور ساحر علی بگا کی مدھر آوازوں میں ساحر علی بگا کا ڈرمہ سیریل ”فطرت“ کیلئے کمپوز کردہ ”او ظالم“ او ایس ٹیز کی کیٹیگری میں تہلکہ مچائیں گے۔
لکس اسٹائل ایوارڈز کی اِن تمام کیٹیگریز میں نامزدگیوں کو اپنی قیمتی رائے دینے کیلئے ناظرین www.luxstyle.pk پر وزٹ کرکے 20 ویں لکس اسٹائل ایوارڈز کی جگمگاتی کہکشاں میں شامل ہوسکتے ہیں۔