پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیرِ اعظم راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ نیا پاکستان بٹن دبا کر نہیں بن سکتا تو غریبوں کے گلے دبا کر بھی نہیں بن سکتا۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی تقریر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیرِ اعظم راجہ پرویز اشرف نے ایک بیان کے ذریعے اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان کو ایسے بیانات زیب نہیں دیتے، مائنڈ سیٹ تبدیل کرنا ہے تو ذہن سے ’میں‘ اور انتقام نکالیں۔
راجہ پرویز اشرف نے عمران خان کو مخاطب ہو کر مزید کہا کہ وزیرِ اعظم صاحب کی ساری تقریر کا مقصد اپنی نااہلیوں پر پردہ ڈالنا تھا۔
سابق وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی نے عام آدمی کو روزگار دیا، خان صاحب نے چھین لیا، برسرِ اقتدار آتے ہی سرکاری اداروں سے نکالے گئے افراد کو بحال کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرِ اعظم عمران خان نے پاکستان پراپرٹی، ہاؤسنگ اور کنسٹرکشن ایکسپو 2021ء کی افتتاحی تقریب میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بٹن دبا کر نیا پاکستان نہیں بن سکتا، یہ جدوجہد کا نام ہے، سسٹم بدلنے میں وقت لگے گا، پاکستان میں مائنڈ سیٹ تبدیل کرنے کا کام شروع ہو گیا ہے۔