بھارت کے آنجہانی اداکار سدھارتھ شکلا کا اپنے ایک مداح کو اس کی بہن کی صحتیابی کے لیے بھیجا گیا حوصلہ افزا ویڈیو پیغام سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سدھارتھ اپنے مداح کی بہن کی صحت سے متعلق نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ 40 سالہ سدھارتھ شکلا 2 ستمبر کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے، جبکہ اہلِ خانہ نے بھی ان کی موت کی وجہ ہارٹ اٹیک ہی بتائی تھی۔
ان کی موت کے بعد مداح بھی غم میں ڈوبے ہیں جبکہ ایک مداح نے تو سدھارتھ کی ایک پرانی ویڈیو شیئر کرڈالی۔
اس ویڈیو میں اداکار اپنے مداح کی بہن کی بیماری سے متعلق انہیں حوصلہ افزا پیغام دے کر ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔
سدھارتھ اپنے ویڈیو پیغام میں کہہ رہے ہیں کہ "میں معذرت خواہ ہوں کہ ہم نہیں مل سکے، مجھے پتا لگا کہ آپ کی بہن کی طبعیت بہتر نہیں ہے، مجھے امید ہے کہ وہ جلد ٹھیک ہوجائیں گی۔"
اپنے پیغام میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ "لمبی ہے زندگی، ملیں گے پھر سے۔"
ویڈیو شیئر کرنے والے مداح کا کہنا تھا کہ "میں ان سے ملنا چاہتا تھا، لیکن ہم نہیں مل سکے۔"