• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان سے امریکا کے مکمل انخلا اور طالبان کے کنٹرول کے بعد دارالحکومت کابل کے حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو جزوی طور پر کھول دیا گیا ہے۔

ہفتے کو کابل سے اندرون ملک دو طرفہ آزمائشی پرواز نے اڑان بھری جبکہ پاکستان اور قطر کیلئے اپ اینڈ ڈاؤن روٹ کی 4 فلائٹس آپریٹ کی گئیں۔

ایوی ایشن کے مطابق پاکستان کی خفیہ ایجنسی انٹرسروسز انٹیلی جنس آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے ایک خصوصی پرواز نمبر GL5T سے صبح ساڑھے 10 بجے کابل کیلئے روانہ ہوئے۔

کابل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چند گھنٹے قیام کے بعد یہ طیارہ شام ساڑھے 6 بجے واپس اسلام آباد لینڈ کرگیا۔

قطر کی کمرشل ایئر لائن قطر ایئر ویز کی دوحا سے روانہ ہونے والی ایک پرواز QR-3234 نے کابل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دوپہر 12 بجے لینڈنگ کی۔ یہ بوئنگ 777 طیارہ پرواز QR-7277 کے طور پر سہ پہر 3:45 بجے کابل سے دوحا کیلئے روانہ ہوا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق افغانستان کی سرکاری آریانا افغان ایئر لائن کی پہلی اندرون ملک آزمائشی پرواز نمبر BM215  سہ پہر 4:04 بجے کابل ایئرپورٹ سے مزار شریف کیلئے روانہ ہوئی۔

اس بوئنگ 737 طیارے نے پرواز BM216 کے طور پر شام 5:03 بجے مزار شریف سے کابل کیلئے اڑان بھری۔

افغانستان میں طالبان کے کنٹرول اور کابل ایئرپورٹ فعال ہونے کے بعد یہ مزار شریف کیلئے پہلی باضابطہ پرواز تھی۔

تازہ ترین