گورنر بلوچستان سید ظہور آغا نے سیکیورٹی حکام کو کوئٹہ میں ہوئے خود کش دھماکے کے تمام ذمے دار دہشت گردوں کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔
کوئٹہ سے جاری کیئے گئے ایک بیان میں گورنر بلوچستان سید ظہور آغا نے کوئٹہ میں ایف سی کی چیک پوسٹ کے قریب ہونے والے خود کش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
گورنر بلوچستان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
سید ظہور آغا کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم قومی اتحاد و اتفاق سے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ کوئٹہ میں آج مستونگ روڈ پر سوہنا خان ایف سی چیک پوسٹ پر خود کش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 3 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔
خود کش حملے کے تمام زخمیوں اور لاشوں کو شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
دھماکے کے بعد ریسکیو ٹیموں کے علاوہ سی ٹی ڈی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے تحقیقات شروع کر دیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق دھماکا خود کش تھا، خود کش حملہ آور کا سر اور دیگر جسمانی اعضاء قبضے میں لے لیئے گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق خودکش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا، جس نے اپنی موٹر سائیکل قانون نافذ کرنے والے ادارے کی گاڑی سے ٹکرائی۔