راولپنڈی(آئی این پی) 14سالہ لڑکے سے زیادتی کرنے والے مدرسے کے معلم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں بچے سے زیادتی کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے اور ایک بار پھر مدرسے کے معلم نے 14 سالہ لڑکے سے مبینہ زیادتی کی، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔متاثرہ بچے کے والد نے پولیس کو بیان دیا کہ 4روز قبل ہی اپنے بچے کو مدرسے میں داخل کروایا، لیکن قاری عثمان نے میرے بیٹے کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، جسکی اطلاع ایس ایچ او کینٹ کو دی، پولیس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے ملزم عثمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس پی پوٹھوہار تصور اقبال کا کہنا ہے کہ پولیس نے ملزم قاری عثمان کیخلاف متاثرہ بچے کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے، اور زیادتی کا شکار لڑکے کا میڈیکل کروایا جارہا ہے، ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائیگی۔