• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صرف جیالا وزیراعظم نہیں، وزیراعلیٰ پنجاب بھی جیالا چاہئے، بلاول بھٹو

صرف جیالا وزیراعظم نہیں،وزیراعلیٰ پنجاب بھی جیالا چاہئے، بلاول


ملتان، جہانیاں (نمائندہ جنگ ،ٹی وی رپورٹ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو ایک سازش کے تحت پنجاب میں نقصان پہنچایا گیا، آپ ہمارا ساتھ دیں، ہم پنجاب اور پاکستان کی قسمت بدل دینگے، صرف جیالا وزیراعظم نہیں، وزیراعلیٰ پنجاب بھی چاہیے، اس کیلئے پنجاب کے جیالوں کو جاگنا ہوگا، ظالم حکمران کو روزگار چوری نہیں کرنے دینگے، بےروزگاری کے خلاف عدالتوں اور پارلیمنٹ میں مقابلہ کرینگے، سابق صدر زرداری نے مشرف کو بھگایا،ہم اس نالائق کو بھگائیں گے، ہمیں موقع دیا تو پہلی ذمے داری روزگار دینا ہوگی، عمران خان نے20ہزار خاندانوں کو بےروز گار کردیاہے، عمران خان نے ملک وقوم کے ساتھ جوکچھ کیاہے، اقتدارمیں آکرحساب لینگے ،کسی صورت میں معاف نہیں کیاجائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہو ںنے میلسی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ موقع پرسابق گورنر مخدوم احمدمحمود، سیدعلی حیدر گیلانی، سید علی موسیٰ گیلانی،سیکرٹری اطلاعات جنوبی پنجاب نوابزادہ افتخاراحمدخان و دیگر بھی موجود تھے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے عوام کے پیٹ اور جیب پرڈاکا ڈالا،ہم حساب لیں گے، خود چینی، آٹا اور تیل چور نکلا،اب روزگار چور بھی نکلا ہے، عمران نے 1 کروڑ نوکری دینےکا وعدہ کیا تھا،پوچھتا ہوں کتنا روزگار ملا ؟۔ان کا کہنا تھا کہ صدر زرداری نے مشرف کو بھگایا، ہم اس نالائق کو بھگائیں گے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز بھی ملتان میں مصروف دن گزارا، مسیحی برادری کے وفد نے ان سے ملاقات کی، اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں اقلیتوں کیلئے مخصوص کوٹہ پر عملدرآمد ہوا تھا لیکن اسکے بعد سے ملک میں اقلیتیں نظرانداز ہیں، پیپلزپارٹی نے سندھ سے ایک مسیحی عوامی نمائندے کو رکن صوبائی اسمبلی اور دوسرے کو سینیٹر منتخب کرایا۔ اس موقع پرپاکستان پیپلزپارٹی اقلیتی شعبے کے جنرل سیکرٹری و ایم این اے نوید عامر جیوا بھی موجود تھے۔ وفد میں بشپ لیو پال، ایوب ساجد، سہراب یونس، فارد یقوب فاروق، و دیگر شامل تھے۔ بعدازاں بلاول بھٹو پی پی پی ملتان سٹی کے صدر ملک نسیم لابر کی رہائش گاہ گئے جہاں انہوں نے ملک نسیم لابر سے انکے بھائی ایڈووکیٹ ارشاد رسول لابر کے انتقال پر تعزیت کی۔ نواحی اڈہ چوک میتلا کے مقام پر جیالوں نے بلاول بھٹو کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، سابق گورنر سید مخدوم احمد محمود، نتاشہ دولتانہ، سابق ایم این اے حیات ٹوچی خان ،علی رضا خاکوانی بھی موجودتھے۔

تازہ ترین