اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے واضح کیا ہے کہ تحریک انصاف نے 3 سال میں ملک کاستیاناس کیا ، الیکشن ہائی جیک کرنا، عوام کو فیصلہ کرنے سے محروم کرنا یا عوامی فیصلوں کو تسلیم نہ کرنا ایسے ہتھکنڈے ہیں جو ماضی میں ملک کے دولخت ہونے اور دیگر سانحات کا باعث بنے۔ قائداعظم اور شہداء پاکستان سے غداری ہوگی اگر ہم ملک میں جمہوری اقدار، آزاد میڈیا، سود سے پاک معیشت، قرآن وسنت کی تعلیمات کے مطابق نظام کی تشکیل میں ناکام ہوگئے۔ ملک کی تینوں بڑی پارٹیاں اندر سے ایک ہیں، پی ٹی آئی نے تین سال میں ملک کا جو ستیاناس کیا وہ سب کے سامنے ہیں۔ آئیے یوم دفاع کے موقع پر ملک کو عظیم بنانے کا عہدکریں۔ کیپٹن حافظ کاشان علی شہید کی رہائش گاہ پر انکے والد لیاقت علی نوید، والدہ اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں بھارت کو جو زخم لگے ہیں اس کے ازالہ کے لیے اس نے کوئٹہ دھماکہ اور دہشتگردی کے دیگر واقعات کروا ئے اور وہ مزید ایسا کرے گا۔ ملک کے سکیورٹی اداروں کو اس کیلئے چوکنا ہونے کی ضرورت ہے۔