اسلام آباد (نیوز رپورٹر) چیئر پرسن ایس ڈی جی 10ممبر ہیومن رائٹس و ممبر انوائرمنٹ پارلیمانی کمیٹی ظِل ہما نے اسلام آباد کے دونوں ایم این ایز، اسد عمر‘ علی نواز اعوان سے ملاقات کی اور تباہ حال میلوڈی فوڈ پارک کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ اُنہوں نے ظِل ہما سے اتفاق کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس کام کو فوری مکمل کیا جائے۔ کیونکہ اس سے نچلے طبقے کو اُٹھانے اور بیروزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی اور اسلام آباد کے شہریوں کو کھانا اور تفریح ایک ساتھ میسر آئے گی۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ فوڈ پارک میں پاکستان کی ثقافت کو بھی اجاگر کیا جائے گا اور تمام اکائیوں کے روایتی کھانے اور کلچر کو متعارف کرایا جائیگا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا جو لوگ دکانیں سیل کر کے جاچکے ہیں وہ دکانیں فوری کینسل کی جائیں، اور جن کے بقایاجات ہیں اُن کو فوری نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔