پشاور(کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے وبائی صورتحال میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں اور سیفٹی ماسک استعمال نہ کرنے پر جاری مہم کے دوران 1 لاکھ 80 ہزار 372 افراد کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ صوبائی حکومت، آئی جی پی خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری اور چیف کیپٹل پولیس عباس احسن کی ہدایت پر چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی نگرانی میں مختلف سیکٹروں میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیموں کی جانب سے شہریوں اور ٹرانسپورٹروں کو کورونا وباء سے بچنے سے متعلق آگاہی دینے کا سلسلہ جاری ہے اورباقاعدہ شہریوں میں ماسک بھی تقسیم کئے جاتے ہیں اسی طرح سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ماسک کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ پوری دنیا میں پھیلی جانیوالی خطرناک وباء پر قابو پایا جا سکے۔ واضح رہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے وبائی صورتحال کے دوران شہر کے مختلف سیکٹرز میں 48612 ماسکس اور 753 سینی ٹائزرز تقسیم کئے گئے ہیں۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ پشاور میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں کرنیوالوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھی ہوئی ہے جس کے تحت پبلک ٹرانسپورٹ اور اڈوں میں ماسک کے استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ مختلف اوقات کار میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے شہریوں میں ماسک کو بھی تقسیم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور دیگر انتظامی اداروں کی طرح وبائی صورتحال میں فرنٹ لائن پر ہے تاہم عوام کو آگاہی دینا سٹی ٹریفک پولیس پشاور اپنا فریضہ اول سمجھتی ہے۔ انہوں نے ٹریفک وارڈنز اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ کورونا ایس او پیز پر خود بھی عملدرآمد کریں اور دوسروں کو بھی اس کا پابند بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری ماسک اور سینی ٹائزرز کا استعمال کرنے سمیت سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں۔