اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی انتخابی اصلاحات میں دلچسپی نہیں رکھتیں جبکہ بلاول بھٹو اور مریم نواز صرف دھاندلی کے نتیجے میں پاکستان کے وزیر اعظم بن سکتے ہیں، ن لیگ کی سیاست اپنے خلاف عدالتی فیصلوں کے التوا تک محدود ہوچکی، بے نظیر بھٹو کی پارٹی سیاسی جوکروں کے ہاتھ میں ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہاکہ کابینہ کے اجلاس میں انتخابی اصلاحات کی بات کی گئی اور یہ صرف عمران خان کی حکومت ہے جو حکومت میں ہوتے ہوئے انتخابی اصلاحات کی بات کرتی ہے۔
کیا آپ نے کبھی نواز شریف یا زرداری کے منہ سے یہ سنا ہے کہ وہ الیکشن میں اصلاحات چاہتے ہیں اور ابھی ان کا رویہ یہی ہے کیونکہ خصوصاً مسلم لیگ (ن) ایک مرتبہ بھی دھاندلی کے بغیر الیکشن نہیں جیتی لہٰذا یہ سسٹم کو بدلنے میں دلچسپی ہی نہیں رکھتے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ یہ سسٹم بدلنے میں اس لیے دلچسپی نہیں رکھتے کیونکہ اگر سسٹم شفاف اور نیوٹرل ہو جائے تو شریف خاندان کا تو کوئی مستقبل نہیں لہٰذا مریم نواز اور بلاول صرف اس صورت میں وزیر اعظم بن سکتے ہیں جن میں سے ایک تو یہ کہ پاکستانیوں کی قسمت ہی بہت خراب ہو اور دوسرا یہ کہ اتنی دھاندلی ہو کہ یہ پاکستان میں آجائیں۔ا