اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فوجداری قوانین میں اصلاحات کے مسودے کے حوالے سے وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کی کاوشوں کی تعریف کی ہے۔ بیرسٹر فروغ نسیم کے نام تعریفی خط میں وزیر خارجہ شاہ محمودنے وزیر قانون اور ان کی ٹیم کو تعریفی کلمات سے نوازا۔وزیر خارجہ نے بیرسٹر فروغ نسیم کے کام کو حقیقی اور بامقصد تبدیلی لانے کے حکومتی مقصد کے عین مطابق قرار دیتے ہوئے فوجداری قوانین میں اصلاحاتی پیکیج کے مسودے کو زندگی کے تمام شعبوں میں مثبت تبدیلی کا پیش خیمہ قرار دیا ہے۔ فروغ نسیم نے وزیر خارجہ کا تعریفی خط پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں قانون کی بالادستی عوام کی بھلائی اور حکومت کے حقیقی تبدیلی لانے کے عزم پر عمل پیرا رہوں گا۔