• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاشی شہ رگ کراچی کی مردم شُماری ٹھیک کرائی جائے، مصطفیٰ کمال

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی کی مردم شُماری ٹھیک کرائی جائے، پاکستان کے 95فیصد مسائل اور کراچی کے تمام مسائل کا حل پی ایس پی کے پیش کردہ چھ نکات میں موجود ہے۔ آج نہیں تو کل ہمارے ہی پیش کردہ حل سے پاکستان کی موجودہ صورتحال ٹھیک ہوسکتی ہے، حکمران جتنی دیر سے ہمارے پیش کردہ حل پر عمل درآمد کریں گے، اتنا ہی نقصان پاکستان کو پہنچے گا۔ کراچی سے کشمیر تک عوامی مسائل حل کرنے کا واحد راستہ وسائل اور اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی ہے۔ سب سے پہلے اٹھارویں ترمیم میں ملنے والے اختیارات وزراء اعلیٰ ہاؤس سے نکال کر نچلی ترین سطح تک منتقل کیے جائیں۔ دوسرا این ایف سی ایوارڈ کی طرز پر پی ایف سی ایوارڈ کا اجراء کو لازم اور پی ایف سی کو این ایف سی کیساتھ مشروط کیا جائے۔ تیسرا یہ کہ پاکستان کی معاشی شہہ رگ کراچی کی مردم شُماری ٹھیک کرائی جائے اور اسی تناسب سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستیں بڑھائی جائیں اس میں ہر پاکستانی کا فائدہ ہے۔ چوتھی بات یہ کہ کراچی کو 7 ڈسٹرکٹس کے بجائے ایک ڈسٹرکٹ کی صورت میں بحال کیا جائے۔ پانچویں بات یہ کہ کراچی ماسٹر پلان ڈپارٹمنٹ کو تمام اختیارات واپس کر کے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے علیحدہ کر کے بحال کیا جائے اور آخر میں کراچی میں کے پی ٹی، کنٹونمنٹ سمیت تمام 18 ایجنسیوں کے بلدیاتی امور میئر کے دفتر کو دیئے جائیں جبکہ زمین کا اختیار انہی ایجنسیز کے پاس رہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلستان جوہر میں کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کے حوالے سے عوامی رابطہ مہم میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تازہ ترین