• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دھاندلی سے جیتنے والے ووٹنگ مشین کے مخالف ہیں، شبلی فراز


وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ دھاندلی سے الیکشن جیتنے والے ووٹنگ مشین کے مخالف ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شبلی فراز نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی مخالفت وہ کر رہے ہیں، جو دھاندلی سے انتخابات جیتتے رہے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ یہی وہ لوگ ہیں جو نہیں چاہتے کہ الیکشن شفاف ہوں، الیکشن کمیشن نے جو 37 اعتراضات اٹھائے ہیں، ان میں سے 27 کا ٹیکنالوجی سے کوئی تعلق نہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ دنیائے کرکٹ میں نیوٹرل امپائر وزیر اعظم عمران خان لائے، ماضی میں ہمارے سارے الیکشن متنازع رہے ہیں، الیکشن میں نیوٹرل امپائر کا کام الیکٹرانک مشین کرے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ دھاندلی سے الیکشن جیتنے والوں کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ مشین بری خبر ہے، اسی لیے وہ اس کی مخالفت کررہے ہیں، شفافیت کے لیے ٹیکنالوجی کی مدد سے الیکشن ہونا ضروری ہے۔

شبلی فراز نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن کے 37 میں سے 27 اعتراضات کا ٹیکنالوجی سے کوئی تعلق نہیں، یہ ای سی پی کی استعداد کار کے حوالے سے ہیں جبکہ 10 نکات الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزارت سائنس نے جو مشین بنائی ہے اس میں سارے نکات کا ازالہ ہے، الیکشن کمیشن نے دیکھنا ہے کہ اس نے 27 نکات سے کیسے نمٹنا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے 27 اعتراضات سے نمٹنا ہمارا کام نہیں کیونکہ ہمارا کام قانون سازی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے صرف الیکشن کمیشن کو نہیں فافن، پلڈاٹ اور چیمبرز کو بھی بریفنگ دی، ہم نے الیکشن کمیشن کو جب مشین پر بریفنگ دی تو لائیو عملی مظاہرہ دکھایا۔

شبلی فراز نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 17 اگست کو ٹیکنیکل کمیٹی کی تشکیل کی، جس کا پہلا اجلاس آج ہوا، ہماری ٹیم نے کمیٹی کی طلب کردہ زیادہ تر رپورٹس دے دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل کمیٹی کو باقی رپورٹس بھی چند دن میں دے دیں گے، یہ نہیں ہو سکتا کہ نتیجہ پہلے آجائے امتحان بعد میں ہو۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے متعلق تنازع کھڑا کیا گیا ہے، جو ہے نہیں، کل قائمہ کمیٹی کو بریفنگ کا اس سے تعلق نہیں ہو سکتا۔

اُن کا کہنا تھا کہ حکومت پرعزم ہے کہ ہم قانون سازی کریں گے، ہم 2023 کے انتخابات ٹیکنالوجی پر کریں گے، پہلی مرتبہ الیکشن صاف شفاف اور غیر متنازع ہوں گے۔

شبلی فراز نے کہا کہ ہم نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو ابھی تک الیکشن کمیشن کے تقاضوں کے مطابق بنایا۔

تازہ ترین