ملتان (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کارڈز سنبھال کر رکھے ہیں، باقی جماعتیں اٹھتی بیٹھتی بھی اشاروں پر ہیں۔
دیگر سیاسی جماعتوں کو اقتدار میں لانے کیلئے بندوبست کیا جاتا ہے جبکہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی بندوبست کے ذریعے اقتدار میں آتی ہے،اپوزیشن صرف پیپلزپارٹی کر رہی ہے۔
ہم پر جو مسلط کیے گئے ہیں ہم انہیں نہیں مانتے، افغان ایشو اور سی پیک پر ہونے والے حملوں کے معاملات کو پارلیمنٹ میں لانا چاہیے، عمران خان کی حکومت نے پوری دنیا میں پاکستان کو تنہا کر دیا ہے۔
سو دنوں میں صوبے بنانے کا اعلان کر کے اس خطے سے ووٹ لینے والوں نے 3 سال میں بھی صوبہ نہیں بنا سکے بلکہ عوام کو سیکرٹریٹ کی صورت میں لولی پوپ دیدیا ہے۔
جب بھی الیکشن ہوا اقتدار پیپلز پارٹی کا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پرنٹ میڈیا کے نمائندوں سے ملاقات کے موقع پر کیا۔