• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امجد پرویز کی معذرت، مریم نواز نے نئے وکیل اور نئی درخواست کیلئے وقت لے لیا

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی اپیلوں پر کیس میں وکیل امجد پرویز نے کیس کی مزید پیروی سے معذرت کرلی جبکہ مریم نواز نے نئے وکیل اور نئی درخواست کیلئے وقت لے لیا۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ میرٹ پر بحث سے پہلے کیس کا کچا چٹھہ سامنے لانا چاہتی ہوں فیصلہ نہ ہوا تو سمجھوں گی انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوئے، پاکستان افغان معاملات میں مداخلت نہ کرے، میاں صاحب اور پارٹی نے شہباز شریف کو وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا تو حمایت کرونگی۔ 

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے مریم نواز اور کیپٹن (ر)محمد صفدر کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت 23ستمبر تک ملتوی کر دی ۔ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سماعت کی ۔ مریم نواز اور کیپٹن صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔ 

سماعت شروع ہوئی تو مریم نواز نے موقف اپنایا کہ میرے وکیل امجد پرویز نے دو روز قبل بیماری کے باعث مزید پیروی سے معذرت کرلی ہے ، نیا وکیل کرنے کیلئے ایک ماہ کا وقت درکار ہے۔فاضل جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کر دیتے ہیں آپ کے وکلاءاپنا وکالت نامہ سماعت پر عدالت میں جمع کرائیں۔ عدالت نے مریم نواز کو نیا وکیل کرنے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ 

بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ( ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت عوام کو ڈلیور کرنے میں ناکام ہو گئی، پی ٹی آئی پنجاب ہی نہیں بلکہ ملک کے ہر کونے میں ناکام ہوئی ہے۔

ملک میں تبدیلی ضرور آئے گی، جھوٹی اور جعلی تبدیلی سے عوام کی جان چھوٹے گی،حکومت کی نااہلی کی وجہ سے عوام مشکل میں ہیں ، نمائندہ حکومت نہ ہو تو عوام اسے مسترد کر دیتے ہیں۔

تازہ ترین