راولپنڈی(آئی این پی ) پولیس نے راولپنڈی کے تھانہ پیرودہانی کے علاقے میں مدرسے میں زیر تعلیم 16سالہ طالبہ کے ساتھ زیادتی کیس میں ملوث معلمہ کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا۔ملزمہ استاد عشرت حنیف 10 روز سے عبوری ضمانت پر تھی اور اس نے عدالت میں ضمانت میں توسیع کی درخواست دی، تاہم ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اعجاز آصف نے ملزمہ کی ضمانت خارج کردی، جس پر عدالت میں موجود لیڈیز پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ طالبہ سے جبری زیادتی کا معاملہ ہے جس کی تفتیش ضروری ہے۔ درخواست پر سماعت کے دوران متاثرہ طالبہ اس کی والدہ بھی کمرہ عدالت میں موجود تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمہ خاتون ٹیچر کا ریمانڈ لیے جانے کا امکان ہے، مرکزی ملزم پرنسپل مفتی شاہ نواز پہلے ہی جسمانی ریمانڈ پر ہے۔