راولپنڈی ( اپنے رپورٹرسے)پنجاب لینڈ رولز 2020کے تحت زرعی زمین اور سرسبز قطعات اراضی کا تحفظ یقینی بنایا گیا ہے ۔زراعت اور جنگلات کیلئے مختص زمین پر اربن ڈویلپمنٹ کو کنٹرول کرکے محفوظ بنایا گیا ہے۔ راولپنڈی کے ماسٹر پلان پر ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائیگا جس کیلئے کمشنر آفس میں سٹرٹیجک پلاننگ یونٹ قائم کیا جائیگا اور یہی یونٹ راولپنڈی میں میگا پراجیکٹس میں وفاقی اور صوبائی قوانین پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لے گا۔یہ باتیں کمشنر راولپنڈی گلزار حسین شاہ نے کمشنر آفس میں پنجاب لینڈ رولز 2020 کے تحت ماسٹر پلاننگ اور اربن ڈویلپمنٹ کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہیں ۔ اجلاس میں راولپنڈی ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔کمشنر نے کہا کہ بے ہنگم اربن گروتھ کی وجہ سے ہمارے دیہات بھی شہروں میں تبدیل ہو چکے ہیں جو کئی ماحولیاتی مسائل کا باعث ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زرعی زمینوں پر گھروں کی تعمیر کے عمل کی قانون کے تحت حوصلہ شکنی کرکے شہری حدود میں عمودی تعمیرات کو پروان چڑھایا جائیگا۔