• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک افغان تجارت پاکستانی روپے میں کرنے کا فیصلہ


پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت پاکستانی روپے میں کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں سینیٹر طلحہ محمود کی زیرِ صدارت قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا۔

وزیرِ خزانہ شوکت ترین نے اجلاس کو بتایا کہ افغانستان کو ڈالر کی کمی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، اس لیے افغانستان کے ساتھ تجارت ڈالر میں نہیں پاکستانی روپے میں ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور عالمی بینک نے افغانستان کے ڈالر روک رکھے ہیں، افغانستان کی صورتِ حال کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جا رہا ہے۔

شوکت ترین کا کہنا ہے کہ افغانستان میں مختلف معاملات چلانے کے لیے پاکستان سے بھی لوگوں کو بھیجا جا سکتا ہے، فوڈ پرائس ملک میں سب سے بڑا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپریل مئی سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھ رہا ہے، پائیدار شرحِ نمو نہ ہونے کے باعث آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا تھا۔

وزیرِخزانہ نے اجلاس کو بتایا کہ رواں مالی سال جی ڈی پی کی گروتھ 4 اعشاریہ 8 فیصد پر لے کر جائیں گے۔

شوکت ترین نے بتایا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے کورونا وائرس کی ویکسین کی خریداری کے لیے 450 ملین ڈالرز دیئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی ہیکرز نے ایف بی آر کا سسٹم ہیک کیا تھا، بھارتی ہیکرز نے 2019ء میں بھی ایف بی آر کا سسٹم ہیک کیا تھا۔

وزیرِ خزانہ شوکت ترین کا یہ بھی کہنا ہے کہ سسٹم ہیک کرنے کی سزا جس کو ملنی چاہیئے تھی اس کو مل چکی، ایف بی آر میں اب تمام سسٹم کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین