فیاض الحسن چوہان کاکہنا ہے کہ شہبازشریف نے مریم نواز کو سائیڈ لائن کر دیا ہے ،نو ن لیگ فیصلہ نہیں کر پا رہی ترجمان کس کو لگانا ہے۔
ترجمان پنجاب حکومت اور صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے شریف خاندان اور نون لیگ پر وار کیے اور کہاکہ نون لیگ کے دور کی مبینہ بے ضابطگیاں سامنے لے آئے ہیں،10 سالوں میں ساڑھے 17 ہزار ارب کے آڈٹ پیراہیں۔
فیاض الحسن نے کہاکہ نون لیگ کے اپنے دور کی آڈٹ رپورٹ سے حقائق بتارہا ہوں، یہ سرکاری اعداد و شمار ہیں، نون لیگ کی طرح ہوائی باتیں نہیں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ 56ارب کا رونا رونے والے نون لیگی ترجمان شریف خاندان کے 10 سالہ دور کو دیکھیں، 2008 سے 2009 کی آڈٹ رپورٹ میں522 ارب روپے کے آڈٹ پیرا ہیں، 2009-10میں34 ارب، 2010-11میں 1303 ارب، 2011-12 میں 598 ارب کے آڈٹ پیراز بنے،2008 سے 2018تک 10سالوں میں 17429ارب کےآڈٹ پیراز بنے، اپنےآخری سال میں قاتل اعلیٰ شہباز شریف نے9114 ارب کی بےضابطگیاں کیں۔
فیاض چوہان نے کہاکہ جاتےجاتےاپنےآخری سال میں شہباز شریف نے 9114 ارب کی بےضابطگیاں کیں،یہ سارا کچا چٹھا دستاویزی ہے، باقی لوٹ مار اس سے کئی سو گنا زیادہ ہے،
بڑے میاں ٹھیک کہتے تھے جمہوریت ان کے لیے بہترین انتقام تھا، عوام سے۔
ترجمان پنجاب حکومت نے کہاکہ عثمان بزدارکامقابلہ کرپشن کی ٹاپ اسپیڈ سے تھا، 1977 سے2018تک12اعشاریہ 9 ارب روپیہ ریکور ہوا، بزدار حکومت نے اپنے ایک سال میں اس سے دوگنا 25ارب ریکور کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومتوں کے تقریباً40سال میں 5221آڈٹ پیراز سیٹل ہوئے،بزدارحکومت کےصرف ایک سال میں 4146 پیراز سیٹل ہوئے، گزشتہ 40سال میں پی اے سی کے 893ڈائریکٹوز پر عملدر آمد ممکن ہوسکا، عثمان بزدارکی قیادت میں صرف ایک سال میں 275 ڈائریکٹوز پر عملدر آمد کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ عثمان بزدار شوبازی نہیں، عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں، عثمان بزدار "نرم دم گفتگو گرم دم جستجو" کے قائل ہیں،ناکام لیگ کی لیڈرشپ اور ترجمان بھی ناکام، نکمے اور جھوٹے ہیں۔
فیاض چوہان نے کہا کہ فنانشل مینجمنٹ میں شہبازشریف عثمان بزدارکی جوتیوں کی خاک کے برابر ہیں، اگلے 2 سال بھی عثمان بزدار عوامی خدمت اور فلاح کے اس جذبے کو جاری رکھیں گے۔