مسلم لیگ نون پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے نشانے پر آگئی جنہوں نے اس پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ لانگ مارچ کریں یا پھر کہیں آپ حکومت کے سہولت کار ہیں۔
رحیم یار خان میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ووٹ کی عزت کی بات کرتے ہیں تو اپنا ووٹ استعمال کریں۔
انہوں نے کہا ہے کہ دوغلی پالیسی نہیں چلے گی، استعفے کے دعوے پر عمل کریں، اپوزیشن کا کردار ادا کریں، یا اعلان کریں کہ حکومت کے سہولت کار ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کوئی ایک کام تو کرنا پڑے گا، منافقت کی سیاست پنجاب کے عوام رد کر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ذاتی سیاسی مقصد کے لیے بزدار کو چلاتے رہے تو پنجاب معاف نہیں کرے گا، عمران اور بزدار کو گھر بھیجیں، شفاف الیکشن کرائیں۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ہم آپ کو مجبور کریں گے کہ آپ اپوزیشن کریں، بزدار کو گھر بھیجیں، ایسے نہیں ہو سکتا کہ ووٹ کی عزت کی بات ہو اور ووٹ کے استعمال کے وقت بھاگ جائیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن مل کر جدوجہد کرے، بزدار کٹھ پتلی ہے، وہ گر جائے گا، اگر آپ تیار نہیں ہوئے تو عوام آپ کو معاف نہیں کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ اب آپ کو کچھ کرنا ہو گا ورنہ پنجاب کے عوام جان جائیں گے کہ یہ منافقت ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے وزیرِ اعظم کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ عمران خان کا ہر وعدہ جھوٹا اور دھوکا نکلا، ملک عوامی حکومت کے لیے ترس رہا ہے۔