• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم دفاع تجدید عہد کا دن، شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، زاہد رضا

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) تحریک انصاف ویسٹ آف اسکاٹ لینڈ کے زیراہتمام گلاسگو میں یوم دفاع پاکستان پُروقار طریقے سے منایا گیا،اس موقع پر ایک تقریب سے مہمان خصوصی قونصل جنرل پاکستان سید زاہد رضا نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر ہمارے لئے تجدید عہد کا دن ہے کہ ہم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے، ہم نے پاکستان کو ایک ایسے قابل فخر مقام پر لے کر جانا ہے جس کا خواب پاکستان بنانے والے ہمارے قائدین علامہ اقبال، قائداعظم اور دیگر بزرگوں نے دیکھا تھا۔ سید زاہد رضا نے دفاع پاکستان کے سلسلے میں افواج پاکستان کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں اور پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو دہشت گردی کی جنگ میں کامیاب ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کیشہ رگ ہے اور حکومت پاکستان وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں مسئلہ کشمیر کو ہر ممکنہ پلیٹ فارم پر اٹھا رہی ہے، کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، انشاء اللہ سید علی گیلانی اور شہداء کی قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی۔ تحریک انصاف ویسٹ آف سکاٹ لینڈ کے صدر میاں علی احمد صوفی نےکہا کہ 6 ستمبر 1965ء کا دن عسکری اعتبار سے تاریخ عالم میں ہمیشہ یاد رہنے والا قابل فخر دن ہے، جب کہ پاکستان کی بہادر افواج نے پوری قوم کے تعاون کے ساتھ اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کے جارحانہ اور بزدلانہ حملے کو نہ صرف روکا بلکہ اس کے سارے توسیع پسندانہ عزائم خاک میں ملا دیئے۔ تحریک کشمیر اسکاٹ لینڈ کے سیکرٹری سید طفیل حسین شاہ نے کہا بھارت ہمیشہ سے ہی پاکستان دشمنی میں پیش پیش رہا ہے اور اس نے آج تک پاکستان کو دل سے کبھی قبول نہیں کیا، اور اس کا بدلہ وہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام اور بھارت میں مقیم مسلمانوں پر ظلم و ستم کرکے لے رہا ہے۔ تحریک انصاف کے نائب صدر رانا انس نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کے لئے پوری پاکستانی قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ رہی، 1965ء کی ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والی اس جنگ میں ثابت ہوا کہ جنگیں عوام اور فوج متحد ہو کر ہی جیت سکتی ہیں۔ پاکستانی عوام کی اپنے ملک سے محبت اور پیشہ ورانہ مہارت اور جانثاری کے جذبوں نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔ پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری عاصم خان نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے کہا کہ 1965ء میں بھارت کی طرف سے پاکستان پر جنگ کا مسلط کیا جانا پاکستانی قوم کے ریاستی نصب العین اور دو قومی نظریے کو بہت بڑا چیلنج تھا جس کا پاکستان نے اس کو منہ توڑ جواب دیا۔ تحریک انصاف ایسٹ آف اسکاٹ لینڈ کے صدر خالد جاوید نے کہا کہ 6 ستمبر 1965ء سے لے کر 22 ستمبر تک ہونے والی پاک ،بھارت جنگ میں پاکستانی قوم نے مکار دشمن کے حملوں کا نہ صرف بڑی کامیابی کے ساتھ دفاع کیا بلکہ اس کو زمین پانی اور فضائی حملوں میں شدید نقصان پہنچایا۔ ایم ایم عالم کا چند سکینڈز میں 6 بھارتی طیاروں کو گرانا فضائی تاریخ کے کارناموں میں سے ایک ہے۔ ممتاز رہنما کامران اکمل نے کہا کہ یوم دفاع پاکستان ملی اتحاد اور قومی یکجہتی کا عکاس ہے، یہ دن اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ قوم اپنے فروعی اور سیاسی اختلافات کے باوجود دفاع پاکستان کے معاملہ پر یک جان ہے اور اس سلسلہ میں کسی بھی قربانی سے کبھی دریغ نہ کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی کے یوتھ سیکرٹری عدیم احمد نےکہا کہ 1965ء کی جنگ پاکستانیوں نے اپنے ملی و دینی جذبے کے ساتھ لڑی اور دنیا پر ثابت کردیا کہ وہ اپنی مقدس سرزمین کے چپے چپے کا دفاع کرنے کی ہرممکن صلاحیت رکھتی ہیں۔

تازہ ترین