• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ میں جونیئر جج کی تعیناتی،کراچی میں وکلا سراپا احتجاج

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وکلا تنظیموں کی جانب سے سپریم کورٹ آف پاکستان میں جونیئر جج کی تعیناتی کے خلاف دی جانے والی ہڑتال کی کال پر وکلا سراپا احتجاج بن گئے، وکلا نے سندھ ہائیکورٹ کی مرکزی عمارت کے دروازے بند کردیئے،عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا اور مقدمات کی پیروی کیلئے عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن سمیت دیگر وکلا تنظیموں کی جانب سے سپریم کورٹ آف پاکستان میں جونیئر جج کی تعیناتی کیخلاف دی گئی ہڑتال کی کال پرجمعرات کو سندھ ہائیکورٹ سمیت ماتحت عدالتوں میں وکلا برادری نے عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا اور مقدمات کی پیروی کیلئے عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے جبکہ بائیکاٹ کے موقع پر وکلا اور سائلین کا عدالتوں میں داخلہ بند کردیا گیا۔ گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد وکلا کی یہ پانچویں ہڑتال ہے۔ سندھ ہائیکورٹ بار عہدیدران نے ججز سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی۔

تازہ ترین