• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی گلگت میں خصوصی ٹیکنالوجی زون قائم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(اے پی پی)وزیراعظم عمران خان سے وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید اور چیئرمین اسپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی (STZA) نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی ۔وزیراعظم نے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے گلگت میں خصوصی ٹیکنالوجی زون قائم کرنے کی ہدایت کی۔دریں اثناءوزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بلند عمارتوں کی شکل میں عمودی رہائش حکومت کی ترجیح ہے‘ یہ نہ صرف تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کی رہائشی ضروریات کو پورا کرے گی بلکہ ڈیجیٹلائزڈ کیڈاسٹرل میپنگ کے مطابق شہروں کی زمین کے موثر استعمال کو بھی یقینی بنائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ‘تعمیرات اورترقی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم کو لاہور میں جاری کیڈاسٹرل میپنگ مشق پر بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ منصوبہ ٹریک پر ہے اور 15 نومبر 2021 تک مکمل ہو جائے گا۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ لاہور کے اراضی ریکارڈ کو جلد از جلد ڈیجیٹل کرنے کی تکمیل پر توجہ دیں تاکہ زمین پر قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف ایک عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔

تازہ ترین