• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں جمہوریت نہیں‘ چند خاندانوں کی بادشاہت ہے، سراج الحق

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں آمریت ہے جمہوریت نہیں‘ چند خاندانوں کی بادشاہت ہے جنہوں نے سیاست کو اپنے گھر کی لونڈی بنایا ہوا ہے‘ ملک میں مارشل لاءہو یا جمہوریت یہ ہمیشہ اقتدار میں رہتے ہیں‘ ملک میں مسلح نہیں بلکہ نظریاتی دہشت گردی ہے‘اس وقت مظلوم کا ساتھ دینے والا کوئی نہیں سب مظلوم کی صف میں کھڑے ہیں‘ پاکستان کے 22 کروڑ عوام کو چند خاندانوں نے غلام بنایا ہوا ہے انہی عناصر نے ہمیں ایک امت اور قوم نہیں بننے دیا، وہ حیدرآباد میں سید جانی شاہ کی رہائش گاہ پر سید شہاب الدین شاہ کے بھائی سید فیروز شاہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو‘ سندھ کے امیر محمد حسین محنتی‘ عبدالوحید قریشی‘ حافظ طاہر مجید‘ حزب اللہ جھکرو‘ صوبائی سکریٹری اطلاعات مجاہد چنہ‘ حیدرآباد کے امیر عقیل احمد خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے کہاکہ ملک میں چند خاندان ہیں جنہوں نے ماضی میں ایسٹ انڈیا کمپنی کا ساتھ دیا تھا اس کے بعد انگریزوں نے حکومت قائم کی تو یہ ان کے ساتھ مل گئے اور اب بھی انہوں نے اس نظام کو سینے سے لگایا ہوا ہے‘ 22کروڑ عوام یرغمالی بنے ہوئے ہیں۔

تازہ ترین