پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ تخت لاہور اور سلیکٹڈ کا راج نہیں چاہیے، حکمراں کبھی تیل، کبھی بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہیں۔
لیہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں، عمران خان کو گھر بھیج دیں گے، عمران خان اپنے وعدوں سے یوٹرن لے چکا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ 90 کی دہائی میں جن لوگوں کو شہید بی بی نے روزگار دیا تھا ان کو دوسری مرتبہ بے روزگار کردیا گیا۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ بےنظیر بھٹو نے 20 ہزار افراد کو روزگار دیا تھا، نواز شریف نے ان کو نکال دیا تھا، گیلانی وزیراعظم بنے تو ان 20 ہزار ملازمین کو بحال کردیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اب دوبارہ ان 20 ہزارملازمین کو نوکریوں سے نکال دیا گیا ہے، ان ملازمین کو نکالنا پارلیمان اور جمہوریت پر ڈاکہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے اگر پارلیمنٹ نے کسی کو روزگار دیا ہے تو کوئی نہیں نکال سکتا، ہم ان ملازمین کے ساتھ مل کر تحریک چلائیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم قومی اسمبلی اور سینیٹ میں آواز اٹھائیں گے، عدالت جانا پڑا توجائیں گے، پورے پاکستان کا مطالبہ ہے گو عمران گو۔