فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) اور آئی ووٹنگ بل میں قانونی خامیوں کی نشاندہی کردی۔
فافن نے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا کہ سیاسی اتفاق رائے کے بغیر الیکشن ایکٹ میں ترمیم آئندہ الیکشن کے جائز ہونے پر سوالات اٹھائے گی۔
فافن کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اس معاملے پر پیچیدہ صورتحال پر تشویش ہے۔
فافن کے مطابق 2017 میں مشاورت کے بعد انتخابی اصلاحات میں اتفاق رائے پیدا کیا گیا تھا، حکومت مشاورت اور اتفاق رائے پیدا کرنے کی روایت کو برقرار رکھے۔
فافن نے مزید کہا کہ حکومت اور سیاسی جماعتیں سیاسی فیصلہ سازی کی ذمہ داری الیکشن کمیشن پر مت ڈالیں، ای سی پی کو تنازعات میں گھسیٹنے سے آئندہ انتخابات کی ساکھ مجروح ہوگی۔
فافن نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن پر غیر ضروری تنقید آئین کا احترام نہ کرنے کے مترادف ہے۔
فافن کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق ترمیم ناکافی ہے، حکومت نے کہا ہے نادرا سمندر پار پاکستانیوں کے لیے آئی ٹی نظام قائم کرے گا۔