راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی محمد علی نے کورونا ویکسی نیشن سنٹر مری کا دورہ کیا اور شہریوں سے طبی عملہ کے رویہ اور ویکسی نیشن کے عمل کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ویکسین کی سٹوریج کا بھی جائزہ لیا اور محفوظ کی گئی ویکسین کو چیک کیا۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ویکسی نیشن سینٹر میں سماجی فاصلہ پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور زیادہ عملہ تعینات کیا جائے تاکہ شہریوں کو ویکسین لگوانے کے لئے انتظار نہ کرنا پڑے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر محمد علی نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مری کا بھی دورہ کیا۔ وہ ہسپتال کے ایمرجنسی، او پی ڈی، آپریشن تھیٹر اور دیگر حصوں میں گئے۔ وہ ڈرگ سٹور میں بھی گئے اور ادویات کے ذخیرہ کا بھی جائزہ لیا اور مختلف ادویات کی تاریخ تنسیخ کو بھی دیکھا۔ اس موقع پر موجود ڈاکٹروں نے ان کو طبی سہولیات اور سامان کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔