پشاور(سٹاف رپورٹر) صوبائی دارالحکومت پشاور میں کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے، غیر سرکاری اورغیر حتمی نتائج کے مطابق صوبہ کی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف 5 نشستوںمیں سے صرف ایک نشست جیت کر شکست سے دوچار ہوگئی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے 2نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی ہے، ایک نشست عوامی نیشنل پارٹی اور ایک نشست آزاد امیدوار نے اپنے نام کرلی ہے، انتخابات کیلئے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیساتھ پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی ، ہر طرف گہما گہمی اور جوش و خروش کا ماحول رہا اور عوام نے بڑی تعداد میں پولنگ سٹیشنوں کا رخ کیا ، انتخابی نتائج کے اعلان کیساتھ ہی کامیاب سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے جشن منایا اور ہوائی فائرنگ کی جبکہ مٹھائیاں تقسیم کرتے ہوئے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا ۔کنٹونمنٹ بورڈ پشاور انتخابات کیلئے اتوار کے روز میدان سجایاگیا، پانچ نشستوں کیلئے مجموعی طور پر 45امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا ، انتخابات کیلئے کل 27پولنگ سٹیشن قائم کئے گئےتھے جہاں پولنگ کا عمل صبح8بجے شروع ہوا جو بلاتعطل شام پانچ بجے تک جاری رہا ، کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کے وارڈ نمبر 1شامی روڈ کی نشست پر سیاسی جماعتوں سمیت کل 10امیدواروں نے الیکشن میں حصہ لیا، غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق وارڈ ون شامی روڈ میں جمعیت علمائے اسلام کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار نعمان فاروق نے 705ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی ان کے مقابلہ میں آزاد امیدوار شہزاد رفیق 528 ووٹوں کیساتھ دوسرے نمبر پر رہے، عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار نے تیسری اور تحریک انصاف نے چوتھی پوزیشن حاصل کی، وارڈ نمبر2ڈبگری پشاور میں 6امیدواروں میں رن پڑا جہاںپاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار نعیم بخش نے593ووٹ لیکر نشست اپنے نام کرلی جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار علاؤ الدین 515ووٹ لیکر رنر اپ رہے، وارڈ نمبر تھری صدر کی نشست پر کل12امیدوار مدمقابل رہے ، غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار فیضان خان1128 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی،اس نشست پر تحریک انصاف کے وارث خان 458ووٹوں کیساتھ دوسرے نمبر پر رہے ،اسی طرح وارڈ نمبر4مال روڈ کی نشست پر9امیدواروں نے انتخابات میں حصہ لیا تاہم پیپلز پارٹی کے امیدوار ید اللہ 909ووٹ لیکر مذکورہ نشست اپنے ناکام کی ان کے مقابلہ میں تحریک انصاف کے امیدوار الیاس نے349ووٹ حاصل کئے ، کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کےوارڈ نمبر 5 خیبر روڈ کی نشست پر 8امیدواروں نےانتخابات میں حصہ لیا جہاں غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اسید سیٹھی نے330 لیکر کامیابی حاصل کی ان کے مقابلہ میں پیپلز پارٹی کے شبیہ الحسن 177ووٹوں کیساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔