• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خشخاش کے طبی فوائد اور نقصانات

قدیم زمانے سے متعدد بیماریوں میں بطور دوا استعمال کیے جانے والے بیج خشخاش کے استعمال سے بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں، خشخاش کی افادیت سائنس سے بھی ثابت شدہ ہے۔

زمانہ قدیم سے بزرگ افراد کی جانب سے خشخاش کے استعمال کا مشورہ دیا جاتا ہے، یہ بیچ خصوصاً خواتین کے لیے بہترین ہے۔

غذائی اور  ماہرینِ جڑی بوٹیوں سمیت میڈیکل سائنس سے بھی ثابت شدہ خشخاش کی خصوصیات اور اس کے استعمال سے صحت پر حاصل ہونے والے بے شمار فوائد مندرجہ ذیل ہیں۔

خشخاش بہترین اینٹی آکسیڈنٹ جُز ہے

ماہرین جڑی بوٹیوں و غذائی ماہرین کے مطابق خشخاش فائبر سے بھرپور بیج ہے، صرف 9 گرام خشخاش یا ایک چائے کے چمچ مقدار خشخاش میں 46 کیلوریز، 1.6 گرام پروٹین، 3.7 گرام چکنائی، 1.7 گرام فائبر، میگنیز، کاپر، کیلشیم، میگنیشیم، فاسفورس، زنک، تھیامین اور آئرن جیسے اہم منرلز بڑی مقدار میں پائے جاتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ خشخاش میں ایک جُز کیمیا پولی فینل ( chemia polyphenol) بھی پایا جاتا ہے جو بے شمار اینٹی آکسیڈنٹ کا مجموعہ ہوتا ہے اور صحت پر کئی اچھے اثرات کے ساتھ بہت سی بیماریوں سے بچاتا ہے، بیماریوں کے خلاف لڑنے میں قوت مدافعت میں اضافہ کرتا ہے۔

خشخاش کی تاثیر گرم ہے، خشخاش میں پایا جانے والا منرل میگنیز ہڈیوں کے لیے انتہائی مُفید غذا ثابت ہوتا ہے جبکہ خشخاش کا استعمال خُون جمنے سے روکتا ہے اور جسم میں خون کی کارکردگی بہتر بناتا ہے جس کہ سبب تمام اعضاء  کا نظام بہتر ہوتا ہے۔

خشخاش کا تیل اومیگا 6 اور 9 سے بھرپُور ہوتا ہے جبکہ اس میں اومیگا 3 کی بھی کُچھ مقدار پائی جاتی ہے۔

خشخاش کے بیج نیند کی کمی کو دور کرتے ہیں

خشخاش بہتر نیند کے لیے کارآمد ہے، پرسکون نیند کے لیے خشخاش کی چائے بنا کر بھی پی جا سکتی ہے یا اس کا پیسٹ بنا کر گرم دودھ میں ملا کر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ذیابیطس کے لیے مفید

ذیابیطس کے علاج کے لیے خشخاش کے بیج مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں ۔

صحت مند بالوں کے لیے 

بھیگے ہوئی خشخاش کے بیج، سفید یا کالی مرچ کا دہی کے ساتھ پیسٹ بنا لیں، اب اسے اپنے بالوں پر لگائیں، آدھے گھنٹے بعد بال دھو لیں، خشکی کی موجودگی اور اسے دوبارہ سے ہونے سے روکنے کے لیے باقاعدگی سے استعمال کریں۔

خشخاش اور دماغی صحت

خشخاش دماغی صحت کے لیے بھی بے حد مفید ہے، اگر اسے بادام کے ساتھ پیس کر استعمال کیا جائے تو اس کی افادیت مزید بڑھ جاتی ہے، ذہانت میں اضافہ ہوتا ہے۔

وزن میں کمی کا سبب 

اومیگاتھری فیٹی ایسڈ سے بھرپور خشخاش وزن گھٹانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، اسی لیے روزمرہ اس کے استعمال سے وزن میں نمایاں کمی آتی ہے۔

جوڑوں کے درد کے لیے

خشخاش جوڑوں کا درد دور کرنے میں مفید ثابت ہوتی ہے، اس کا تیل جوڑوں پر لگانے اور مساج کرنے سے جوڑوں کے درد میں افاقہ ہوتا ہے۔

خشخاش قدرتی ’پین کلر‘  کا کردار ادا کرتی ہے

خشخاش میں قُدرتی طور پر ایسے کیمیائی اجزا پائے جاتے ہیں جو درد کو ختم کرنے والی ادویات میں بھی شامل ہوتے ہیں،  خشخاش کے استعمال سے جسم میں ہونے والے درد میں سکون ملتا ہے اور یہ قُدرتی طور پر پُر سکون نیند کا سبب بنتی ہے۔

خواتین کے صحت کے لیے موزوں

خشخاش میں ایسے کیمیائی اجزاء بھی پائے جاتے ہیں جو بچوں کی پیدائش میں آنے والی رکاوٹوں کو دور کرتے ہیں، اس کا تیل استعمال کر نے سے حمل ٹھہرنے کے مواقع بڑھ جاتے ہیں۔

خشخاش کے استعمال کے نقصانات

اگر کسی فرد کا ایلوپیتھی ادویات سے علاج جاری ہے تو خشخاش کے استعمال سے قبل اپنے معالج سے مشورہ ضرور  کر لیں۔

خشخاش کو اگر تھوڑی سی مقدار میں استعمال کیا جائے تو ماہرین کے نزدیک یہ نقصان دہ نہیں ہے۔

اسے خریدتے وقت اس بات کا دھیان رکھنا چاہیے کہ دُھلی ہُوئی خشخاش خریدیں، بغیر دُھلی ہُوئی خشخاش میں نشے کے عنصر پائے جاتے ہیں۔

زیادہ استعمال کے نتیجے میں اسے کھانے کی لت بھی لگ سکتی ہے لہٰذا اعتدال کے ساتھ  استعمال کریں۔

تازہ ترین