پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (پی ایف یو جے) نے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے 2 دن سے جاری دھرنا ختم کردیا۔
ملک بھر کے صحافیوں کی نمائندہ جماعت پی ایف یو جے نے پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی (پی ایم ڈی اے) بل کے خلاف پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے 2 روز سے جاری احتجاجی دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
صدر پی ایف یو جے شہزادہ ذوالفقار نے دھرنے کے اختتام کے موقع پر اعلان کیا کہ پی ایم ڈی اے بل کے خلاف تحریک جاری رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگلے مرحلے کے لیے فیڈرل ایگزیکٹو کونسل کا 3 روزہ اجلاس 16 ستمبر سے لاہور میں ہو گا۔
دھرنے کے دوران سینئر صحافیوں نے بھی اظہار خیال کیا، جن کا کہنا تھا کہ میڈیا کی آواز دبانے کی حکومتی کوشش کسی طور قبول نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی سوچ آمرانہ ہے، ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے، صحافی جھکیں گے نہیں، سچ کی آواز اقتدار کے ایوانوں میں گونجتی رہے گی۔