اسلام آباد (اے پی پی)سپریم کورٹ نے صحافیوں کو ہراساں کرنے کیخلاف لیے گئے از خود ازخود نوٹس کیس پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی ۔ عدالت عظمی نے ڈی جی ایف آئی اے، چیئرمین پیمرا اور آئی جی اسلام آباد سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ڈی جی ایف آئی اے، چیئرمین پیمرا اور آئی جی اسلام آباد کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا۔جسٹس اعجازلاحسن نے ریمارکس دیئے کہ صحافی حساس امور سرانجام دیتے ہیں انکا تحفظ ہونا چاہیے،سپریم کورٹ ملک کے اعلیٰ ادارے کے طور پر صحافتی آزادی کا تحفظ کریگا۔ پیر کو جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس پر سماعت کی ۔ دوران سماعت اٹارنی جنرل خالد جاوید خان اور ڈی جی ایف آئی اے ثنااللہ عباسی ،چیئرمین پیمرا سلیم بیگ اور آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل عدالت کے رو برو پیش ہوئے ۔ دوران سماعت ڈی جی ایف آئی اے نے دلائل دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ چار سال میں صحافیوں کیخلاف 27 شکایات ملیں، 27 میں سے چار شکایات انکوائری میں تبدیل ہوئیں اور مقدمات درج ہوئے،27 میں سے بیس شکایات کو انکوائری کی سٹیج پر ختم کر دیا گیا،آزادی صحافت پر یقین رکھتے ہیں، ریگولیشن پیکا ایکٹ کے تحت کرتے ہیں۔