• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان میں چیلنجز خوفناک، امداد میں سستی کے نتائج سنگین، شاہ محمود

اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان کی جانب سےافغانستان میں عوام کو انسانی بنیادوں پر نہایت ضروری مدد کی فراہمی کے لئے اقوام متحدہ کی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کو یقینی بنانے اور انسانی حقوق کے احترام کے فروغ کے لئے افغانستان میں سیاسی استحکام اور امن درکار ہے، امن اس وقت تک مستحکم وپختہ نہیں ہوسکتا جب تک افغانستان کو درکار معاشی اور مالیاتی گنجائش فراہم نہیں ہوتی۔افغانستان میں خوفناک چیلنجز درپیش ہیں ‘امدادمیں سستی کے نتائج سنگین ہوں گے ۔پیر کو افغانستان میں انسانی صورتحال پر اعلی سطح وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ مسائل انتہائی کٹھن ہیں، افغانستان کے قریباً 1کروڑ80لاکھ عوام کو اس صورتحال میں انسانی بنیادوں پر امداد کی اشد ضرورت ہے، عالمی برادری کی جانب سے تساہل پر مبنی ردعمل ہو اتو اس کے سنگین انسانی نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔اس اہم اور نازک مرحلے پر افغانستان کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا ہوگا جس میں مالی اور سیاسی حمایت دونوں شامل ہیں۔ پائیدار حل کا تقاضا ہے کہ ترقیاتی منصوبہ جات لائے جائیں۔

تازہ ترین