• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز پاکستانی اقتصادی جنگ کا ہراول دستہ ہیں، قاسم خان سوری

ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانی، پاکستان کے لیے لڑی جا رہی اقتصادی جنگ کا ہراول دستہ ہیں، اسی لیے وزیراعظم عمران خان ملک کے اندر اور باہر بار بار اس احساس کو اُجاگر کرتے ہیں کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا قومی اثاثہ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یورپین دارالحکومت برسلز میں تحریک انصاف کے مقامی رہنماؤں کی جانب سے دیئے گئے ایک عشایئے میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ حقیقت میں یہ آپ ہیں جو پاکستان کی اقتصادی جنگ لڑ رہے ہیں، اس کے ساتھ ہی آپ لوگ محنت کی قدر اور فلاحی ریاست کے تصور سے بھی آشنا ہیں، ہماری خوش قسمتی ہے کہ ایک ایسا شخص پاکستان کا وزیراعظم ہے جو خود اوورسیز رہا ہے۔

اسی لیے ان کی کوشش ہے کہ پاکستان کے سیاسی نظام میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے کر انہیں ملکی ترقی میں باقاعدہ حصہ دار بنایا جائے اور اوور سیز کی مثبت سوچ کو پاکستان کے اندر فلاحی ریاست کی اس تشکیل میں معاون بنایا جا سکے جس کے لیے وزیراعظم عمران خان بھر پور کوشش کر رہے ہیں۔

قاسم خان سوری نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی اوورسیز میں دلچسپی کی ایک اور وجہ یہ بھی ہے کہ وہ جانتے ہیں کہ اوورسیز اپنی حق حلال کی کمائی وطن کے اندر لے کر آتے ہیں، باہر نہیں لے جاتے۔

وزیراعظم نہ صرف کرکٹ سے اپنی کمائی وطن لے کر گئے بلکہ پاکستان کی سب سے بڑی عدالت میں اس محنت کی کمائی کا حساب بھی دیا۔

اس موقع پر انہوں نے اس بات کے لیے اطمینان کا اظہار بھی کیا کہ بیلجیم میں موجود سفارت خانہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق کمیونٹی سے رابطے میں ہے اور مقامی کمیونٹی اس سے مطمئن ہے۔

اس موقع پر عشائیے میں ڈپٹی اسپیکر سے قبل گفتگو کرتے ہوئے یورپین یونین، بیلجیم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے ڈپٹی اسپیکر کو آگاہ کیا کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت کے مطابق سفارت خانے کے دروازے پاکستانی کمیونٹی کے لیے کھلے ہیں اور کوویڈ-19 کے باوجود سفارت خانہ اپنے لوگوں کے ساتھ جنوری سے لے کر کھلی کچہریوں کے ذریعے رابطے میں رہا اور یہ سلسلہ جاری ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ہماری حتی الامکان کوشش ہے کہ ہم اپنے لوگوں کی ہر وقت اور بروقت سروس ڈلیوری کر سکیں۔

سفیر پاکستان نے ڈپٹی اسپیکر کو مزید آگاہ کیا کہ بیلجیم اور لکسمبرگ میں موجود پاکستانی کمیونٹی بہت ڈائنامک اور محب وطن ہے۔

ان کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر 5 گنا اضافے کے ساتھ اس سال 270 ملین ڈالر کے قریب رہیں جو کہ ان کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

اس سے قبل ڈپٹی اسپیکر جب فرانس سے ذوالفقار جتالہ کے ہمراہ تقریب میں پہنچے تو مقامی رہنماؤں سردار صدیق خان، مہر علی صفدر، شکیل گوہر، مرزا نصر، زاہد رضا بھدر اور دیگر نے ان کا استقبال کیا۔

تقریب سے قبل تلاوت ہوئی، مہر مالک نے نعت کی سعادت حاصل کی جبکہ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض چوہدری عمران ثاقب نے انجام دیئے۔

تازہ ترین