• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مکمل ویکسین لگوانے والے کورونا کا شکار بہت کم ہوتے ہیں، او این ایس

لندن (پی اے )قومی شماریات بیورو کے اعدادوشمار سے ظاہرہوتاہے کہ ویکسین کے دونوں انجکشن لگوانے والے لوگ ویکسین نہ لگوانے والوں یا ویکسین کا صرف ایک انجکشن لگوانے والوں کے مقابلے میں کورونا کا شکار بہت کم ہوتے ہیں ،قومی شماریات دفتر کے اعدادوشمار کے مطابق رواںسال جنوری سے جولائی کے دوران انگلینڈ میں کورونا سے 51,000 افراد ہلاک ہوئے لیکن ان میں کورونا کے دونوں انجکشن لگوانے والے صرف 256 تھے۔یہ بھی وہ لوگ تھے جن کے بیماری کی وجہ سے کورونا کا شکار ہونے کا خطرہ بہت زیادہ تھا۔ ان اعدادوشمار سے ویکسین سے بیماری اور ہلاکت سے تحفظ کی اعلیٰ ترین سطح کا اندازہ ہوتا ہے ۔ویکسین لگوانے کے بعد بھی بعض اموات ہمیشہ متوقع ہوتی ہیں کیونکہ ویکسین 100فیصد موثر نہیں ہے لیکن ایسا بہت ہی کم ہوتاہے ،ہلاک ہونے والوں میں انتہائی کمزور افراد یا وہ افراد شامل تھے جن کا مدافعتی نظام کمزور ہوگیاتھا اور ان کی اوسط عمر 84 سال تھی جبکہ دیگر افراد کی تعداد بہت ہی معمولی یعنی کورونا سے ہلاک ہونے والوں میں0.5 فیصد تھی ،کورونا سے ہونے والی یہ تمام اموات کورونا ہونے کے ابتدائی 6 ماہ سے ایک سال کے عرصے کے دوران ہوئیں ،قومی شماریات دفتر کی جولی اسٹین برو کا کہنا ہے کہ ہمارے نئے تجزیئے سے ظاہرہوتاہے کہ کورونا کی دونوں ویکسین لگوانے کے باوجود لوگوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں لیکن ہمارے اعدادوشمار سے ظاہرہوتاہے کہ ویکسین لگوانے والوں میں کورونا سے اموات کی شرح ویکسین نہ لگوانے والوں کے مقابلے میں نہ ہونے کے برابر ہے،قومی شماریات دفتر کاکہنا ہے کہ جتنے زیادہ لوگ ویکسین لگواچکیں گے کورونا کا شکار ہوکر ویکسین لگوانے والوں کی اموات کی شرح میں بھی اضافہ نظر آسکتاہے لیکن ان کی شرح ویکسین نہ لگوانے والوں کے مقابلے میں نہ ہونے کے برابر ہوگی۔

تازہ ترین