• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں ویکسی نیشن کے موثر عمل کے بعد شرح اموات میں ریکارڈ کمی

راچڈیل(نمائندہ جنگ)کورونا وائرس سے بچائو کیلئے ویکسین کی مکمل خوراک لینے والوں کی شرح اموات تیزی سے گرنے لگی ‘ رواں سال میں ابتک انگلینڈ میں کورونا کیخلاف ویکسین لینے والے 2سو میں سے صرف ایک فرد کی موت سامنے آئی ہے۔ دفتر برائے قومی شماریات ‘ او این ایس کے اعدادو شمار کے مطابق 2جنوری سے جولائی کے درمیان 51ہزار281 میں سے 256بریک تھرو اموات کی نشاندہی کی گئی ان مریضوں میں سے 76 فیصد سے زیادہ طبعی طور پر وائرس سے انتہائی کمزور تھے اور ان کے بنیادی حالات یا مدافعتی نظام کمزور پایا گیا،تازہ ترین اعدادو شمار کے مطابق ویکسین کورونا سے شرح اموات کو کم کرنے کے لیے واضح اثرات مرتب کر رہی ہے، ویکسی نیشن کے موثر عمل کے بعد شرح اموات میں مسلسل کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔بوڑھوں اور کمزور برطانوی شہریوں کی اکثریت کو موسم بہار تک مکمل طور پر ویکسین نہیں دی گئی تھی تاہم ویکسی نیشن کا عمل پھیلائے جانے کے بعد کورونا ویکسین کی دو جابز لینے والے کی شرح اموات کا تناسب تیزی سے کم ہوا ہے۔ او این ایس کی ہیلتھ اینڈ لائف ایونٹس کی ڈپٹی ڈائریکٹر جولی اسٹینبورو نے کہا ہے کہ ہمارے نئے تجزیے سے سامنے آنیوالے نتائج پر اس امر پر افسوس ہے کہ کورونا کی مکمل ویکسی نیشن کے باوجود بھی اموات ہوئیں تاہم جن لوگوں کو کورونا ویکسین کی دو خوراکیں مل چکی ہیں ان میں دیگر کے مقابلے میں وائرس سے پکڑے جانے کے چانس بہت کم ہیں یا ایسے افراد جنہوں نے ابھی تک صرف ویکسین کی ایک خوراک لی ہے وہ بھی خطرے میں ہو سکتے ہیں۔ بریک تھرو ڈیتھ کی تعریف کسی ایسے شخص سے کی گئی جس نے ویکسین کی دونوں خوراکیں حاصل کیں اور دوسری خوراک کے کم از کم 14 دن بعد پہلا مثبت پی سی آر ٹیسٹ کیا ہو او این ایس کے مطابق بریک تھرو اموات میں سے 13 فیصد ایسے افراد شامل ہیں جو مدافعتی دبائو کا شکار تھے ۔
تازہ ترین