• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوور سیز پاکستانی ہماری اقتصادی جنگ کا ہراول دستہ ہیں ، قاسم سوری

برسلز( حافظ انیب راشد ) ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی، پاکستان کیلئے لڑی جا ری اقتصادی جنگ کا ہراول دستہ ہیں ۔ اسی لیے وزیراعظم عمران خان ملک کے اندر اور باہر بار بار اس احساس کو اجاگر کرتے ہیں کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا قومی اثاثہ ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےیورپین دارالحکومت برسلز میں تحریک انصاف کے مقامی رہنماؤں کی جانب سے دیئے گئے ایک عشائیے میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ حقیقت میں یہ آپ ہیں جو پاکستان کی اقتصادی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی آپ لوگ محنت کی قدر اور فلاحی ریاست کے تصور سے بھی آشنا ہیں۔ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ایک ایسا شخص پاکستان کا وزیراعظم ہے جو خود اوورسیز رہا ہے۔ اسی لیے انکی کوشش ہے کہ پاکستان کے سیاسی نظام میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیکر انہیں ملکی ترقی میں باقاعدہ حصہ دار بنایا جائے اور اوور سیز کی مثبت سوچ کو پاکستان کے اندر فلاحی ریاست کی اس تشکیل میں معاون بنایا جا سکے جس کیلئے وزیراعظم عمران خان بھر پور کوشش کر رہے ہیں۔ قاسم خان سوری نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی اوورسیز میں دلچسپی کی ایک اور وجہ یہ بھی ہے کہ وہ جانتے ہیں کہ اوورسیز اپنی حق حلال کی کمائی وطن کے اندر لیکر آتے ہیں، باہر نہیں لیجاتے۔ وزیراعظم نہ صرف کرکٹ سے اپنی کمائی وطن لیکر گئے بلکہ پاکستان کی سب سے بڑی عدالت میں اس محنت کی کمائی کا حساب بھی دیا۔ اس موقع پر انہوں نے اس بات کیلئے اطمینان کا اظہار بھی کیا کہ بلجیم میں موجود سفارت خانہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق کمیونٹی سے رابطے میں ہے اور مقامی کمیونٹی اس سے مطمئن ہے۔ اس موقع پر عشائیے میں ڈپٹی سپیکر سے قبل گفتگو کرتے ہوئے یورپین یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے ڈپٹی سپیکر کو آگاہ کیا کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت کے مطابق سفارت خانے کے دروازے پاکستانی کمیونٹی کیلئے کھلے ہیں ،انہوں نے کہاکہ ہماری حتی الامکان کوشش ہے کہ ہم اپنے لوگوں کی ہر وقت اور بروقت سروس ڈلیوری کر سکیں۔ سفیر پاکستان نے ڈپٹی سپیکر کو مزید آگاہ کیا کہ بلجیم اور لکسمبرگ میں موجود پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر 5 گنا اضافے کے ساتھ اس سال 270 ملین ڈالر کے قریب رہیں۔ اس سے قبل ڈپٹی سپیکر جب فرانس سے ذوالفقار جتالہ کے ہمراہ تقریب میں پہنچے تو مقامی رہنماؤں سردار صدیق خان، مہر علی صفدر، شکیل گوہر، مرزا نصر، زاہد رضا بھدر اور دیگر نے ان کا استقبال کیا۔ تلاوت ہوئی، مہر مالک نے نعت کی سعادت حاصل کی جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض چوہدری عمران ثاقب نے انجام دیئے۔ عشائیے میں گورنر پنجاب کے کوآرڈی نیٹر برائے اوورسیز فاروق ارشد بھی پاک بینیلکس اوورسیز چیمبر آف کامرس کے رہنما جمال خان کے ہمراہ خصوصی طور پر شریک ہوئے۔
تازہ ترین