• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداروں سے ٹکراؤ کی خواہش نہیں رکھتے، عثمان ڈار


کراچی(ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات پر پارلیمانی جماعتوں سے بات کرنے کیلئے تیار ہیں۔

 پیپلز پارٹی کے رہنمامولابخش چانڈیو نے کہا کہ حکومت الیکشن کمیشن سے مطمئن نہیں تو قانون کے مطابق انہیں ہٹادے۔ نواز شریف کے ترجمان محمد زبیرمحمد زبیر نے کہا کہ اپوزیشن میڈیا کنٹرول اتھارٹی پر مزاحمت کرے گی۔

 سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ کسی بھی سطح پر اداروں سے ٹکراؤ کی خواہش نہیں رکھتے، اداروں پر جان بوجھ کر تنقید نہیں کررہے ، الیکشن کمیشن نوٹس دینا چاہتا ہے تو نوٹس جاری کرے میڈیا کو کیوں انگیج کیا جاتا ہے.

ڈسکہ الیکشن میں بھی الیکشن کمیشن نے نوٹس دینے کی بجائے رات تین بجے پریس ریلیز جاری کی، الیکشن کمیشن کو ای وی ایم پر اعتراضات تھے تو وزارت سائنس و ٹیکنالوجی سے بات کرتی انہیں سوشل میڈیا پر پوسٹ کر کے خبر بنادی گئی۔ عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات پر پارلیمانی جماعتوں سے بات کرنے کیلئے تیار ہیں.

اپوزیشن آرٹی ایس پر عدم اعتماد کرچکی ہے، شفاف انتخابات کیلئے اتفاق رائے سے نیا سسٹم لانا ہوگا۔ عثمان ڈار نے کہا کہ آصف زرداری اداروں کی اینٹ سے اینٹ بجانے کی بات کرتے تھے تو مولابخش چانڈیو کو اس وقت مذمت کرنی چاہئے تھی، محمد زبیر کی پارٹی اور قیادت نے سپریم کورٹ آف پاکستان پر ڈنڈوں سے حملہ کیا تھا.

ن لیگ کی قیادت کہتی تھی معزز جج صاحبان کیلئے پاکستان کی زمین تنگ کردیں گے۔ عثمان ڈار کا کہنا تھاکہ خواجہ آصف کا سپریم کورٹ میں نااہلی کا کیس آمدنی سے زائد اثاثوں کا نہیں مس ڈیکلریشن کا کیس تھا.

اپوزیشن رہنماؤں کے کیس ابھی ختم نہیں ہوئے ہیں۔ نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن ای وی ایم پر اعتراضا ت سوشل میڈیا پر ڈال دیتا ہے تو اس سے کیا ہوجاتا ہے.

حکومت الیکشن کمیشن کو اعتراضات سوشل میڈیا پر ڈالنے پر زیادہ سے زیادہ تنبیہ کرسکتی تھی، حکومت الیکشن کمیشن سے اعتراض کرسکتی تھی کہ سوشل میڈیا پر نہ جائیں ہم سے براہ راست بات کرلیا کریں۔

تازہ ترین