• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمرانوں نے مطیع الرحمن کو بچانے کیلئےکوشش نہیں کی،سراج الحق

لاہور(نمائندہ خصو صی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے لاہور میں مسجد شہداءکے سامنے جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے امیر مولانا مطیع الرحمن نظامی کی غائبانہ نماز جنازہ کی امامت کرائی ۔ نماز جنازہ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستانی حکمرانوں نے مولانا مطیع الرحمن نظامی کو بچانے کے لیے آخری لمحہ تک کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی ۔ میں نے وزیراعظم ، وزیر داخلہ سمیت حکومتی زعما اور وزراءسے بار ہار ملاقاتیں کیں اور درخواست کی کہ حسینہ واجد بھارتی دباؤ پر ہمارے قائدین کو پھانسیوں پر لٹکا رہی ہے  لیکن حکومت پاکستان ٹس سے مس نہیں ہوئی ۔اب حکومت پاکستان آگے بڑھے اور اس  مسئلے کو عالمی فورم پر اٹھائے ۔ ایک طرف مودی کی ایما پر حسینہ واجد ہمارے بزرگوں کو پھانسیاں دے رہی ہے اور دوسری طرف نوازشریف مودی کو لاہور میں ویلکم کرتے اور تحائف دیتے ہیں ۔  سینیٹر سراج الحق نے طیب اردگان کی اس سلسلہ میں کوششوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور قطر ، اور عمان کے حکمرانوں کا بھی شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہاکہ بنگلہ دیش کے شہروں اور دیہاتوں میں لاکھوں کی تعداد میں لوگوں نے شہید کی غائبانہ نماز جنازہ میں شرکت کر کے انہیں خراج تحسین پہنچایا ہے ۔غائبانہ نماز جنازہ سے خطاب کرتے ہوئے جماعة الدعوہ کے مرکزی رہنما حافظ عبدالرحمن مکی نے  کہاکہ جماعت اسلامی آج بھی پاکستان کے نظریاتی اور جغرافیائی تحفظ کے لیے قربانیاں دے رہی ہے ۔ بنگلہ دیش کی سپریم کورٹ کا متعصب ہندو چیف جسٹس پاکستان کے حامیوں کا عدالتی قتل کر رہاہے ۔   یہ پھانسیاں جماعت اسلامی کے بزرگوں کو نہیں پاکستان سے محبت کرنے والوں کو دی جارہی ہیں ۔  نائب امیر جماعت اسلامی حافظ  ادریس نے کہاکہ امریکی و اسلام دشمن قوتوں کے آلہ کار حکمرانوں سے خیر کی کوئی توقع نہیں کی جاسکتی ۔  مطیع الرحمن نظامی کی شہادت بنگلہ دیش میں اسلامی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگی ۔ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے  کہاکہ حسینہ واجد کا باپ شیخ مجیب الرحمن پاکستان کا غدار تھا جس نے ملک توڑنے کی سازش کی اوربھارتی فوج کو اپنی مدد کے لیے بلایا جبکہ مولانا مطیع الرحمن نظامی اور ان کے ساتھی تو محب وطن تھے جنہوں نے پاکستان جو ان کا ملک تھا ، کو بچانے کی کوشش کی ۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رہنما علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہاکہ حکمران اپنی کرپشن بچانے کے لیے بڑی تگ و دو کر رہے ہیں مگر پاکستان پر جانیں نچھاور کرنے والوں کے لیے زبان کھولنے کو تیار نہیں۔ احتجاجی مظاہرےسے امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد ، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔سراج الحق  
تازہ ترین