• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صنفی شناخت کے مسئلے سے دوچار لڑکی کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم جاری


اسلام آباد ہائیکورٹ نے صنفی شناخت کے مسئلے سے دوچار لڑکی کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا۔

عدالت نے وزارت انسانی حقوق کے سیکرٹری کو مجاز افسر نامزد کرکے پٹیشنر سے رابطہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا کہ  مجاز افسر درخواست گزار کی شکایت کے ازالے کے لیے اقدامات کرکے رپورٹ پیش کرے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ڈی آئی جی آپریشنز پٹیشنرکو سن کر ہراسگی سے محفوظ رکھنے کے اقدامات کریں، درخواست گزار کے مطابق وہ پیدائشی طور پر صنفی شناخت کے مسئلے کا شکار ہے۔

عدالت کا کہنا ہے کہ درخواست گزار کے مطابق بطور لڑکا شناخت اختیار کرنے پر خاندان سے ہراسگی کا سامنا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے لڑکے کی شناخت اپنانے کی خواہشمند لڑکی کی درخواست پر سیکرٹری داخلہ کو نوٹس جاری کردیا، سیکرٹری انسانی حقوق سمیت فریقین کو بھی نوٹس جاری کیا گیا۔

عدالت نے ڈی آئی جی آپریشنز، ایس ایچ او تھانہ کورال کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

عدالت نے استفسار کیا ہے کہ صنفی شناخت کے مسئلے سے دوچار افراد زیادہ توجہ کے مستحق ہوتے ہیں،حکومت ایکٹ 2018 پر عملدرآمد کیوں نہ کرسکی؟۔

عدالت نے سیکرٹری وزارت انسانی حقوق سے 5 اکتوبر کو رپورٹ طلب کرلی۔

تازہ ترین