لاہور( نمائندہ جنگ)پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی ایگز یکٹو کونسل کا اجلاس دوسرے روز بھی صدر شہزادہ ذوالفقار کی زیر صدارت جاری رہا۔اجلاس میں میڈیا کی آزادی، پاکستان میڈیاڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مجوزہ قانون کے خلاف اور کارکنوں کے 19 نکاتی مطالبات کے حق میں نومبر کے پہلے ہفتے کوئٹہ سے اسلام آباد تک لانگ مارچ کا اعلان کیا گیا۔پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار اور سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے اجلاس سے خطاب اور مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت میڈیا پر ایک کالا قانون نافذ کرنے میں مصروف ہے۔ مگر پی ایف یو جے کسی صورت میں بھی پاکستان میڈیاڈویلپمنٹ اتھارٹی کو قبول نہیں کرےگی۔ ہم ملک گیر تحریک شروع کر رہے ہیں، اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ پی ایف یو جے کی تمام 13 تنظیمیں اپنے اپنے علاقوں میں کنونشن کرینگی جن میں قیادت شرکت کریگی اور اکتوبر کے آخری ہفتے میں اسلام آباد میں قومی کنونشن منعقد کیا جائے گا جس میں پاکستان بھر کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین، ٹریڈ یونینز، سول سوسائٹی، ا نسانی حقوق کی تنظیمیں، وکلاء تنظمیوں کے قائدین، طلبہ یونین یوتھ کے قائدین اور تمام ملکوں کے سفیر وں کو مدعو کیا جائے گا اور لانگ مارچ کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا جو نومبر کے آخری ہفتے میں ہوگا۔ لانگ مارچ کوئٹہ سے شروع ہو گا اور کراچی حیدرآباد،سکھر، رحیم یار خان،بہالپور، ملتان، خانیوال فصیل آباد ،لاہور اورگوجرنوالہ سمیت پاکستان کے تمام پریس کلبز سے ہوتا ہوا اسلام آباد پہنچے گا۔ لانگ مارچ میں خبیر پختونخواہ کے تمام شہروں پشاور، سوات، مردان، ایبٹ آباد ،مانسہرہ، بٹگرام اور ہری پور، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے بھی کثیر تعداد میں صحافی برادری شرکت کرے گی۔ اسلام آباد میں لانگ مارچ کا قافلہ پارلیمنٹ کے سامنے اپنے 19 مطالبات کی منظوری تک دھرنا دے گا۔ پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار اور سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے تمام یوجے ایز کو لانگ مارچ بھرپور تیاریاں کرنے کی ہدایات دے دی ہیں۔