لاہور (نمائندہ جنگ) مسلم لیگ ن کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے 2 ممبران کی نامزدگی کیلئے وزیر اعظم پاکستان کو خط لکھ دیا ہے جس میں انہوں نے پنجاب کیلئے 6نام اور خیبر پختونخوا کیلئے 3نام وزیر اعظم کو ارسال کر دیے ، انہوں نے اپنے خط میں کہا ہم آپ کے 26اگست کے خط میں دیے گئے ناموں پر غور کر رہے ہیں ،آپ میرے تجویز کردہ ناموں پر بھی غور کریں، شہباز شریف نے پنجاب کیلئے جو 6نام تجویز کئے ان میں جسٹس (ر )طارق افتخار احمد،محمد جاوید انور، جسٹس( ر) مشتاق احمد، خالد مسعود چوہدری،سابق اٹارنی جنرل عرفان قادر اور عرفان علی جبکہ خیبرپختونخوا کیلئے سید افسر شاہ، سردار حسین شاہ اور سہیل الطاف شامل ہیں۔شہبازشریف کاکہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی تکمیل میں پہلے ہی کافی تاخیر ہوچکی ہے،45 دن کا عرصہ گزرچکاہے۔اسلئے مشاورتی مرحلہ جلد مکمل کیا جائے۔