• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے ایم سی کے وسائل پر حکومت سندھ قبضہ کر رہی ہے، وسیم اختر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر و سابق میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ سندھ حکومت زبردستی کراچی کے عوام پر نئے ٹیکس لگاکرانکی بجلی بھی بند کرنا چاہتی ہے،کے ایم سی کے فنکشن اور کے ایم سی کے وسائل پر حکومت سندھ قبضہ کررہی ہے مختلف طور طریقے اپنا کر آنے والے وقت میں سندھ حکومت مختلف نوٹیفکیشن کے ذریعے کے ایم سی کے باقی ادارے بھی اپنے کنٹرول میں لینے کی سازش کررہی ہے،کراچی کے تمام زبانیں بولنے والے اپنے حق کیلئے کھڑے ہوں ورنہ سندھ حکومت شہر کراچی کو بھی لاڑکانہ کی طرح موہنجو داڑو میں تبدیل کردے گی۔ کراچی پریس کلب پر سابق ڈپٹی میئر کراچی ارشد حسن،سابق ضلعی چیئرمینز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 140Aکو جس طرح سے عمل کرنا تھا وہ نہیں کیا گیا ہم نے اپنے چار سالہ دور میں سڑکیں بنائیں،پارکس بنائے اور جو افتتاح آج کے ایڈمنسٹریٹر کررہے ہیں یہ بھی ہمارے بجٹ سے کام شروع ہوا تھا یہ ہمارے منصوبے تھے، 13سال سے تمام محکمے سندھ حکومت نے اپنے قبضے میں لئے ہوئے ہیں،جو کام ہم نے کئےتھے وہ بھی تباہ کردیئے گئے ہیں،این ایف سی ایوارڈ کا سارا پیسہ وزیراعلی سندھ اپنے پاس رکھ کر بندر بانٹ کردیتےہیں۔وسیم اختر نے کہا کہ کنزروینسی ٹیکس کراچی کے عوام اس لئے نہیں دیتے کہ یہاں بنیادی سہولتیں ہی میسر نہیں، مرتضی وہاب کراچی پر نئے ٹیکس کی حمایت کی بجائے کے ایم سی پر احسان کریں اور کے ایم سی کے اختیارات وزیراعلی سے واپس لائیں،قانون کے مطابق سندھ حکومت کراچی سے جو بھی ٹیکس جمع کریگی اسکا کچھ حصہ کے ایم سی کو دیاجائیگا جو نہیں دیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی شہر کے مسائل کو حل کرنے کی بجائے بوٹ بیسن کو فوڈ اسٹریٹ بنانے کے منصوبے بنارہے ہیں،شہر کی تمام سڑکیں تباہ حال ہیں۔

تازہ ترین