اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سابق ایم ڈی پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن عطا الحق قاسمی کی تقرری سے متعلق مقدمہ میں سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کئے گئے فیصلے کے خلاف دائر نظر ثانی کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کردی گئی ہیں ،جسٹس عمرعطا بندیال کی سربر اہی میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس محمد علی مظہرپر مشتمل تین رکنی بنچ 22 ستمبر کو کیس کی سماعت کرے گا ،یاد رہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثارکی سربراہی میں قائم تین رکنی بنچ نے عطا ء الحق قاسمی کی بطور ایم ڈی پی ٹی وی تقرری کے عمل کو غیر قانونی اور خلاف ضابطہ قرار دیتے ہوئے ان کی تقرری کو کالعدم کردیا تھا اور عطا الحق قاسمی پر اس حوالے سے اٹھنے والے تمام تر اخراجات ان سمیت ان کی تقرری کے ذمہ دار سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار،وزیر اطلاعات پرویز رشیداورسیکر یٹری ٹو وزیر اعظم فواد حسن فواد پر برابر تقسیم کرتے ہوئے ان سے وصول کرنے کا حکم جاری کیا تھا، اس فیصلے کے خلاف مذکورہ بالا چاروں افراد نے نظرثانی کی درخواستیں دائر کررکھی ہیں۔