• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پٹرول اور بجلی کی قیمت ملکی معیشت کے لئے تشویشناک ہے،شیر باز بلور

پشاور (لیڈی رپورٹر) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیر باز بلور نے پٹرول اور بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو ملکی معیشت کے لئے تشویشناک قرار دیا ہے اور قیمتوں میں حالیہ اضافہ کو یکسر مسترد کیا ہے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس فیصلہ کو فوری واپس لیا جائے بصورت دیگر بزنس کمیونٹی احتجاج پر مجبور ہوگی۔ سرحدچیمبر کے صدر شیر شیر باز بلور نے گذشتہ روز صنعتکاروں اور تاجروں کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی کاروبار اور انڈسٹریز مخالف پالیسیوں کے نتیجہ میں ملکی معیشت پہلے ہی تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے اب رہی سہی کسر پٹرول اور بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے پوری کردی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پٹرول و بجلی صنعتوں کے لئے خام مال کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے اگر قیمتوں میں استحکام برقرار نہ رکھا گیا تو صنعتی پیداوار ی لاگت میں بے تحاشہ اضافہ ہوگا جس سے اشیاء ضروریہ کی قیمتیں بڑھے گی اور کاروباری طبقہ سمیت زندگی کے ہر شعبہ سے وابستہ افراد متاثر ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے پیمانے پر اضافے اور ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر میں بتدریج کمی سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان برپا ہوگا اور صنعتی ترقی کا عمل بھی متاثر ہوگا جس کی وجہ سے بے روزگاری مزید بڑھے گی۔ سرحد چیمبر کے صدر شیر باز بلور نے کہا کہ کورونا لاک ڈاؤن سے متاثرہ تاجر برادری کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں ناکہ کاروبار کش پالیسیوں کی تشکیل اور صنعتی ترقی کے عمل میں رکاوٹیں پیدا کرکے مشکلات میں مزید اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی روپیہ ڈالر کے مقابلہ روپے کی گرتی ہوئی قدر کافی تشویشناک امر ہے اور حکومت اپنے معاشی پالیسیوں میں استحکام و بہتری لانے کیلئے اقدامات کریں تاکہ ڈالر کی اونچی اڑان کو روک جائیں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ سے صنعتی ترقی و تجارت کے فروغ کا عمل شدید متاثر ہوگا۔
تازہ ترین